پروفی اورعام کافی میں کیا فرق ہے اور اس کے استعمال کے کیا فوائد ہیں؟
پروفی اورعام کافی میں کیا فرق ہے اور اس کے استعمال کے کیا فوائد ہیں؟
جمعرات 25 جون 2026 21:16
ماہرین کے مطابق پروفی کا زیادہ استعمال نقصان دہ ہو سکتا ہے (فائل فوٹو: پکسابے)
سوشل میڈیا پر کافی کے نت نئے رجحانات سامنے آتے رہتے ہیں، تاہم حالیہ دنوں میں ’پروفی‘ نامی مشروب نے فٹنس سے دلچسپی رکھنے والے افراد، جم جانے والوں اور مصروف پیشہ ور افراد کی توجہ حاصل کر لی ہے۔
پروفی دراصل ’پروٹین کافی‘ کا مختصر نام ہے، جو کافی اور پروٹین پاؤڈر یا پروٹین شیک کو ملا کر تیار کی جاتی ہے۔ اس کا بنیادی مقصد کیفین سے توانائی حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ جسم کو پروٹین بھی فراہم کرنا ہے۔
ماہرین غذائیت کے مطابق پروفی ان افراد کے لیے فائدہ مند ثابت ہو سکتی ہے جو اکثر خالی پیٹ کافی پیتے ہیں یا اپنی روزمرہ خوراک میں پروٹین کی مطلوبہ مقدار پوری نہیں کر پاتے۔
’این ڈی ٹی وی‘ کے مطابق ماہر غذائیت ڈاکٹر سمرت کتھوریا کے مطابق ’پروفی کیفین کے فوری اثرات کے ساتھ پروٹین کی اضافی مقدار بھی فراہم کرتی ہے، جس سے معدہ زیادہ دیر تک بھرا ہوا محسوس ہوتا ہے اور توانائی بتدریج حاصل ہوتی رہتی ہے۔ ان کے مطابق پروٹین ہاضمے کے عمل کو سست کرتا ہے، جس سے کیفین کے استعمال کے بعد ہونے والی اچانک تھکاوٹ یا توانائی میں کمی کے امکانات کم ہو سکتے ہیں۔‘
اسی طرح انٹیگریٹو میڈیسن اور غذائیت کی ماہر ڈاکٹر کارتھیگائی سیلوی کا کہنا ہے کہ ’پروفی عام کافی کے مقابلے میں غذائی اعتبار سے زیادہ متوازن مشروب بن سکتی ہے، کیونکہ اس میں پروٹین شامل ہونے سے جسم کو اضافی غذائیت حاصل ہوتی ہے اور دن بھر بار بار کافی پینے کی ضرورت بھی کم ہو سکتی ہے۔‘
تاہم ماہرین خبردار کرتے ہیں کہ پروفی کو مکمل ناشتہ سمجھنا درست نہیں۔ ایک متوازن ناشتے میں پروٹین کے ساتھ فائبر، صحت بخش چکنائیاں اور پیچیدہ کاربوہائیڈریٹس بھی شامل ہونے چاہئیں۔ اس لیے پروفی کو صرف ایک معاون مشروب کے طور پر استعمال کیا جانا چاہیے، نہ کہ مکمل غذا کے متبادل کے طور پر۔
ماہرین کے مطابق صحت مند پروفی تیار کرنے کے لیے کم چینی والا معیاری پروٹین پاؤڈر استعمال کرنا چاہیے۔ بہت زیادہ گرم کافی میں پروٹین شامل کرنے سے اس کی ساخت متاثر ہو سکتی ہے، اس لیے ٹھنڈی یا نیم گرم کافی زیادہ بہتر انتخاب سمجھی جاتی ہے۔
صحت مند پروفی تیار کرنے کے لیے کم چینی والا معیاری پروٹین پاؤڈر استعمال کرنا چاہیے (فائل فوٹو: پکسابے)
بازار میں تیار شدہ پروفی مصنوعات بھی دستیاب ہیں، تاہم گھر میں تیار کی گئی پروفی میں چینی، کیفین اور پروٹین کی مقدار پر بہتر کنٹرول رکھا جا سکتا ہے۔
دوسری جانب ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ پروفی کا حد سے زیادہ استعمال بے خوابی، بے چینی، دل کی دھڑکن تیز ہونے، ہاضمے کے مسائل، پیٹ پھولنے اور جسم میں پانی کی کمی جیسی مشکلات پیدا کر سکتا ہے۔ گردوں کے امراض، کیفین سے حساسیت یا دیگر طبی مسائل رکھنے والے افراد کو اس کے استعمال سے قبل ڈاکٹر سے مشورہ کرنا چاہیے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ پروفی ایک مفید اور سہل غذائی انتخاب ہو سکتی ہے، تاہم یہ کوئی جادوئی صحت بخش مشروب نہیں۔ اس کے فوائد کا انحصار اس بات پر ہے کہ اسے کس مقدار میں، کن اجزاء کے ساتھ اور مجموعی غذا کے کس حصے کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔
ان کے مطابق جو افراد اپنی خوراک سے پہلے ہی مناسب مقدار میں پروٹین حاصل کر رہے ہیں، ان کے لیے عام بلیک کافی بھی ایک مناسب انتخاب ہو سکتی ہے، جبکہ اضافی پروٹین کی ضرورت رکھنے والے افراد پروفی کو اپنی روزمرہ روٹین کا حصہ بنا سکتے ہیں۔