جی سی یو کے طالب علم کا لاہور سکردو تک 1100 کلومیٹر دوڑنے کا عزم
فیضان کا مقصد گزشتہ قومی ریکارڈز توڑ کر نیا ریکارڈ قائم کرنا ہے۔(فوٹو:فیس بک)
گورنمنٹ کالج یونیورسٹی (جی سی یو) لاہور کے طالب علم فیضان احمد فیض کی لاہور سے سکردو تک 1100 کلومیٹر دوڑ چھٹے روز میں داخل ہو چکی ہے، جبکہ منگل کو انہوں نے گوجر خان سے راولپنڈی تک کا مرحلہ مکمل کیا۔
فیضان کا مقصد گزشتہ قومی ریکارڈز توڑ کر نیا ریکارڈ قائم کرنا ہے اور انہوں نے یہ مہم ’پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اور شہداء کے نام‘ کی ہے۔
فیضان احمد فیض جی سی یو لاہور کے شعبہ نفسیات کے طالب علم اور پنجاب حکومت کے سپورٹس ایمبیسیڈر ہیں۔
وہ گزشتہ 8 سال سے طویل فاصلے تک دوڑ رہے ہیں اور اس سے قبل 800 کلومیٹر کا فاصلہ مکمل کرچکے ہیں۔
انہوں نے 28 اگست کو جی سی یو لاہور کے تاریخی کلاک ٹاور سے اپنی مہم کا آغاز کیا، جہاں اساتذہ، طلبہ اور ان کی والدہ نے انہیں دعاؤں کے ساتھ رخصت کیا۔
فیضان نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ وہ لاہور سے سکردو تک 1100 کلومیٹر دوڑ کر ’گزشتہ قومی ریکارڈز توڑنے اور نیا قومی ریکارڈ قائم کرنے‘ کی کوشش کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ’میں اپنی دوڑ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اور شہداء کے نام کرتا ہوں ۔‘ انہوں نے نوجوانوں کو پیغام میں کہا کہ’ منشیات چھوڑیں، کھیلوں کی طرف آئیں اور صحت مند زندگی اپنائیں۔‘
جی سی یو لاہور کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد عمر چوہدری نے فیضان کو یونیورسٹی کا فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی مادر علمی کی دعاؤں اور جذبے کو ساتھ لے کر اس مہم پر روانہ ہوا ہے۔
وائس چانسلر نے کہا کہ ’یونیورسٹی اس مہم میں فیضان کے ساتھ کھڑی ہے اور اس کی کامیابی کے لیے دعا گو ہے۔‘
فیضان کی روانگی کے موقع پر ان کی والدہ نے بیٹے کو ماتھے پر بوسہ دیا اور دعاؤں کے ساتھ رخصت کیا۔
والدہ نے کہا کہ انہیں اپنے بیٹے پر فخر ہے، ’وہ بڑے مشن پر جارہا ہے اور ملک کا نام روشن کرنے کی کوشش کررہا ہے۔‘
فیضان کا طے شدہ روٹ لاہور سے گوجرانوالہ، وزیرآباد، جہلم، راولپنڈی، اسلام آباد، نتھیا گلی، ایبٹ آباد، مانسہرہ، بالاکوٹ، کاغان، ناران، بابوسر ٹاپ، چلاس، رائی کوٹ برج اور جگلوٹ سے ہوتا ہوا سکردو تک ہے۔
وہ روزانہ تقریباً 60 سے 100 کلومیٹر فاصلہ طے کررہے ہیں، جبکہ پولیس، ریسکیو 1122 اور جی سی یو اسپورٹس ڈائریکٹوریٹ کی ٹیمیں راستے میں ان کی معاونت کررہی ہیں۔
جی سی یو سپورٹس ڈائریکٹوریٹ کی فیس بک پر جاری کردہ سوشل میڈیا اپڈیٹ کے مطابق فیضان نے گوجر خان سے راولپنڈی تک کا مرحلہ کامیابی سے مکمل کرلیا ہے۔
راولپنڈی پہنچنے پر ’اولڈ راوین‘ اعجاز چوہدری نے فیضان اور ان کی ٹیم کا استقبال کیا اور ان کے اعزاز میں عشائیے کا اہتمام کیا۔
اس سے قبل فیضان گوجرانوالہ اور جہلم سمیت سفر کے مختلف مراحل مکمل کرچکے ہیں اور اب راولپنڈی سے اپنے اگلے مرحلے کی جانب بڑھ رہے ہیں۔