Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ڈیپر دَین اِٹ سیمز‘: ساحلی سیاحت کو محفوظ اور بہتر بنانے کے لیے سعودی عرب کی مہم

ماحولیاتی نقطہ نظر سے، مہم اس بات پر زور دیتی ہے کہ پائیداری ترقی کی راہ میں رکاوٹ نہیں (فوٹو: وزٹ سعودی)
سعودی ریڈ سی اتھارٹی نے اپنی آگاہی مہم ’ڈیپر دَین اِٹ سیمز‘ کا آغاز کیا ہے جس کا مقصد بحیرۂ احمر کے ساحل پر سمندری اور بحری سیاحتی سرگرمیوں کے لیے ضوابط کو متعارف کروانا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق یہ مہم ساحلی سیاحت کے شعبے کو ریگولیٹ کرنے اور فروغ دینے میں اتھارٹی کے کردار کو نمایاں کرتی ہے اور ان قوانین، لائسنسوں اور ضروریات کے بارے میں آگاہی پیدا کرتی ہے جو کسی بھی سیاحتی تجربے سے پہلے اس کی کیفیت، حفاظت اور پائیداری کو یقینی بناتے ہیں۔
اس مہم کا مرکزی مفہوم یہ ہے کہ کوئی بھی سیاحتی تجربہ منزل پر پہنچ کر شروع نہیں ہوتا بلکہ اس کے پیچھے قائم فریم ورک سے شروع ہوتا ہے۔
ہر سمندری سیاحتی سرگرمی کے پیچھے قوانین، ضروریات، لائسنسوں اور پرمٹس کا ایک جامع نظام ہوتا ہے جو تکنیکی بنیادوں اور بین الاقوامی معیاروں پر قائم کیا گیا ہے تاکہ اس شعبے کی موثر اور پائیدار ترقی ممکن ہو سکے۔
سعودی ریڈ سی اتھارٹی نے واضح کیا کہ یہ نظام صرف لائسنس کے اجراء تک محدود نہیں ہے بلکہ ایک مسلسل ذمہ داری ہے جس کی نگرانی کے لیے مائلز، بحری جہازوں اور سرگرمیوں کے مقامات کے باقاعدہ فیلڈ دورے کیے جاتے ہیں تاکہ عملی کام لائسنس کی شرائط کے مطابق رہے۔
اتھارٹی کا یہ رگولیٹری نظام کروز، مائلز، یاٹ، کشتیوں، ساحلوں اور تمام تر بحری سرگرمیوں کا احاطہ کرتا ہے۔ مختلف سرگرمیوں کے لحاظ سے ضروریات تبدیل ہو سکتی ہیں لیکن ان کا مقصد ایک ہی ہے یعنی سیاحوں کی حفاظت، بہترین معیار اور سمندری ماحول کا تحفظ۔

یہ وسعت پورے شعبے میں تحفظ اور معیار کا ایک یکساں معیار قائم رکھتی ہے اور قوانین کی پاسداری کو ایک عام اصول بنا دیتی ہے جس کا اطلاق سب پر ہوتا ہے۔
ماحولیاتی نقطہ نظر سے، مہم اس بات پر زور دیتی ہے کہ پائیداری ترقی کی راہ میں رکاوٹ نہیں بلکہ اس کے تسلسل کی شرط ہے۔ حساس سمندری مقامات، بالخصوص مونگے کی چٹانوں (کورل ریفس) اور سمندری حیات کے مساکن کو محفوظ رکھنا اس لیے ضروری ہے تاکہ آنے والی نسلیں بھی اس سے لطف اندوز ہو سکیں۔
اتھارٹی اس شعبے کی ترقی اور سمندری ماحول کی حفاظت کے درمیان بہترین توازن قائم کر رہی ہے جس میں بحیرۂ احمر کے قدرتی اثاثوں کی حفاظت کرنا اس بنیادی ستون کو محفوظ بناتا ہے جس پر خود سیاحتی تجربے کی بنیاد قائم ہے۔

یہ مہم ساحلی سیاحت کے شعبے کو منظم کرنے اور اسے فروغ دینے میں اتھارٹی کے کردار کو مزید واضح کرتی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ حکومت، نجی شعبے، منصوبے بنانے اور چلانے والے اداروں اور فلاحی شعبے کے درمیان تعاون کی اہمیت کو بھی اجاگر کرتی ہے۔
اس کا مقصد یہ بتانا ہے کہ ساحلی سیاحت کی ترقی سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے جس میں ہر ادارہ اپنا کردار ادا کرتا ہے اور سب کا مقصد ایک ہی ہوتا ہے۔
یہ مہم سعودی وژن 2030 کے مقاصد میں بھی مددگار ہے جن میں ملکی معیشت کو مختلف شعبوں میں پھیلانا، سیاحت کے شعبے کو ترقی دینا اور قدرتی وسائل کا تحفظ شامل ہے۔

 

شیئر: