Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

النینو ’انتہائی طاقتور‘ ہوگا، فروری تک جاری رہے گا: اقوام متحدہ کا انتباہ

سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ یہ پہلے سے گرم ہوتے سیارے کی گرمی کو مزید بڑھا دے گا (فوٹو: اے ایف پی)
اقوام متحدہ کی موسمیاتی ایجنسی نے جمعرات کو خبردار کیا ہے کہ النینو آنے والے مہینوں میں ’انتہائی طاقتور‘ ہو جائے گا اور فروری تک جاری رہنے کا تقریباً یقینی امکان ہے۔
النینو ایک قدرتی موسمیاتی مظہر ہے اور یہ ماحولیاتی تبدیلی (کلائمیٹ چینج) کی وجہ سے پیدا نہیں ہوتا۔ تاہم سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ یہ پہلے سے گرم ہوتے سیارے کی گرمی کو مزید بڑھا دے گا اور موسمی شدت کو مزید شدید کرے گا۔
فرانسیسی نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق النینو وسطی اور مشرقی استوائی بحرالکاہل کے سطحی درجہ حرارت کو گرم کرتا ہے، جس سے دنیا بھر میں ہواؤں، دباؤ اور بارش کے نمونوں میں تبدیلی آتی ہے۔ یہ عام طور پر ہر دو سے سات سال بعد ہوتا ہے اور نو سے بارہ ماہ تک جاری رہتا ہے۔
عالمی موسمیاتی تنظیم نے جمعرات کو کہا کہ النینو اس سال کے آخر تک اپنے عروج پر پہنچے گا، تاہم اس کے موسمی اثرات 2027 تک جاری رہیں گے۔ ایجنسی کے مطابق ’النینو پوری طرح قائم ہو چکا ہے اور آنے والے مہینوں میں انتہائی طاقتور بننے جا رہا ہے، جس کے نتیجے میں بارش اور درجہ حرارت پر بڑے اثرات مرتب ہوں گے، اور سیلاب، خشک سالی اور شدید گرمی کے خطرات بڑھیں گے۔‘
اقوام متحدہ کے سربراہ انتونیو گوتریس نے کہا کہ ’النینو ہماری آنکھوں کے سامنے غیر معمولی حد تک بڑھ رہا ہے۔ سائنس میں کوئی شک کی گنجائش نہیں کہ زمین غیر معلوم پانیوں میں داخل ہو چکی ہے، اور وہ پانی گرم ہو رہا ہے۔ سمندری سطح کے درجہ حرارت بڑھ رہے ہیں، زمینی درجہ حرارت مسلسل اوپر جا رہا ہے، اور دنیا شدید موسمی خطرات کے زون میں ہے۔ اب دوڑ بڑھتے ہوئے خطرات اور ہمارے موسمیاتی اقدامات کے درمیان ہے۔ ہمیں یہ دوڑ جیتنی ہوگی۔‘
معیشتوں پر ’بڑا دھچکا‘
النینو عام طور پر سال کے آخر میں عروج پر پہنچتا ہے، لیکن سمندروں کی گرمی آہستہ آہستہ فضا میں منتقل ہوتی ہے، جس سے اگلے سال عالمی درجہ حرارت مزید بڑھ جاتا ہے۔ ریکارڈ پر سب سے گرم سال 2024 رہا، جو پچھلے النینو کے بعد آیا۔
عالمی موسمیاتی تنظیم کی سربراہ سیلسٹے ساؤلو نے کہا کہ ’یہ غیر معمولی النینو دنیا بھر کی کمیونٹیز اور معیشتوں کو بڑا دھچکا دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ہم پہلے ہی خشک سالی اور سیلاب سے تباہی دیکھ رہے ہیں، اور جیسے جیسے النینو شدت اختیار کرے گا، یہ اثرات مزید بڑھیں گے۔‘

ایجنسی نے کہا کہ ’انتہائی زیادہ امکان، تقریباً 100 فیصد‘ ہے کہ النینو فروری تک جاری رہے گا (فوٹو: اے ایف پی)

انہوں نے آفات سے نمٹنے والے اداروں اور زراعت، صحت، توانائی اور پانی جیسے حساس شعبوں کو خبردار کیا کہ تیاری کے لیے ’وقت ضائع کرنے کی گنجائش نہیں۔‘
عالمی موسمیاتی تنظیم کے مطابق ’غیر معمولی گرم بحرالکاہل کی سطح کی حالت سے تقویت پا کر النینو آنے والے مہینوں میں مزید طاقتور ہو کر انتہائی شدت تک پہنچنے کی توقع ہے۔‘
 ایجنسی النینو کو چار درجوں میں تقسیم کرتی ہے: کمزور، معتدل، طاقتور اور انتہائی طاقتور اور موجودہ مظہر سب سے بلند درجے تک پہنچنے والا ہے۔
ایجنسی نے کہا کہ ’انتہائی زیادہ امکان، تقریباً 100 فیصد‘ ہے کہ النینو فروری تک جاری رہے گا۔

 

شیئر: