کراؤن پرنس فیسٹیول ریس کے دوسرے دن سعودی اونٹ سب سے آگے
سعودی کیمل سپورٹس کے زیرِ اہتمام ہونے والے اس ایونٹ کے لیے پانچ کروڑ سعودی ریال سے زائد کے مجموعی انعامات رکھے گئے ہیں (فوٹو: ایس پی اے)
تاریخی طائف کیمل ریسنگ ٹریک پر منعقد ہونے والے آٹھویں کراؤن پرنس کیمل فیسٹیول 2026 کے دوسرے روز سعودی اونٹوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے صبح کی کل 21 ریسوں میں سے 13 میں فتح حاصل کی۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق آرگنائزنگ کمیٹی کا کہنا ہے کہ مقابلوں میں قطری اونٹوں نے پانچ جبکہ اماراتی اونٹوں نے تین کامیابیاں اپنے نام کیں۔
ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی سرپرستی میں منعقد ہونے والا یہ فیسٹیول 13 ستمبر تک جاری رہے گا۔
سعودی کیمل سپورٹس کے زیرِ اہتمام ہونے والے اس ایونٹ کے لیے پانچ کروڑ سعودی ریال سے زائد کے مجموعی انعامات رکھے گئے ہیں۔
2018 میں فیسٹیول کے آغاز کے بعد پہلی بار، اس ایڈیشن میں کیمل کلب کے تعاون سے تین روزہ اونٹوں کا مقابلہ حسن منعقد کروایا گیا۔
اس پیشرفت نے ٹورنامنٹ کے دائرہ کار کو مزید وسعت دی ہے اور سعودی وژن 2030 کے اہداف کے مطابق اونٹوں کے شعبے کی تجارتی اور ثقافتی ترقی کو بھی تقویت بخشی ہے۔
