کنگ عبدالعزیز کیمل فیسٹیول میں اونٹوں کی صحت کے حوالے سے آگاہی
جمعرات 25 دسمبر 2025 0:00
کنگ عبدالعزیز کیمل فیسٹیول کی سرگرمیوں میں قصیم گورنریٹ کے پویلین ’سکیورٹی اوئیسس‘ میں وزیٹرز کی آگاہی کا بھی اہتمام کیا جا رہا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق گورنر قصیم شہزادہ ڈاکٹر فیصل بن مشعل بن سعود کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے فیسٹیول میں ویٹرنری مشاورت کا خاص طور پر اہتمام کیا گیا ہے۔
قصیم یونیورسٹی کے شعبہ ویٹرنری کے ماہرین اونٹوں کی بیماریوں اور ان کے علاج معالجے کے بارے میں لوگوں کو آگاہی فراہم کر رہے ہیں۔
ویٹرنری مشاورتی ٹیم نے اونٹوں کے ڈھانچوں کا بھی اہتمام کیا ہے جن کے ذریعے لوگوں کو اونٹ کی جسمانی ساخت اور اندرونی اعضا کے حوالے سے آگاہی دی جا رہی ہے۔

ماہرین اونٹ کی صحت کے حوالے سے آگاہی کے لیے جدید تعلییمی ٹولز کا استعمال بھی کر رہے ہیں۔
علاوہ ازیں پویلین میں علاقائی ترقیاتی اقدامات کے بارے میں آگاہی فراہم کی جا رہی ہے۔
گورنر قصیم نے علاقے میں معاشی، سماجی اور ثقافتی حوالوں سے 130 سے زیادہ ترقیاتی اقدامات کیے ہیں۔

وزیٹرز کو علاقائی ترقیاتی اقدامات کے بارے میں تفصیلی طورپر بتایا جا رہا ہے جن میں کوالٹی آف لائف پروگرام اور فوڈ سیفٹی، ٹورازم ارو فلاحی و دیگر منصوبے شامل ہیں۔
واضح رہے فیسٹیول میں گورنریٹ قصیم کا پویلین وزیٹرز میں غیرمعمولی طورپر مقبول ہو رہا ہے جہاں ویڈیو کے ذریعے بھی ترقیاتی منصوبوں کو نمایاں کیا جاتا ہے۔
