Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا کیخلاف میچ کے دوران ’مخصوص اشارہ‘: پاکستانی کپتان فاطمہ ثنا کو میچ فیس کا 10 فیصد جرمانہ

اس سے قبل فاطمہ ثنا کو قبل 6 اگست 2025 میں ایک ڈی میرٹ پوائنٹ دیا گیا تھا (فوٹو: آئی سی سی)
پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان فاطمہ ثنا کو ویمنز ایشیا کپ میں انڈیا کے خلاف میچ کے دوران آن فیلڈ واقعے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیتے ہوئے میچ فیس کا 10 فیصد جرمانہ کر دیا ہے۔
آئی سی سی کے مطابق فاطمہ ثنا سنیچر کو دبئی میں انڈیا کے خلاف ویمنز ایشیا کپ کے گروپ اے میچ کے دوران آئی سی سی ضابطہ اخلاق کے لیول ون کی خلاف ورزی کی مرتکب پائی گئیں۔
فاطمہ ثنا نے کھلاڑیوں اور کھلاڑیوں کے معاون عملے کے لیے آئی سی سی ضابطہ اخلاق کے آرٹیکل 2.5 کی خلاف ورزی کی، جس کا تعلق ایسے الفاظ، حرکات یا اشاروں کے استعمال سے ہے جو کسی بلے باز کی وکٹ گرنے کے بعد اسے اشتعال دلانے یا جارحانہ ردعمل پر اکسانے کا سبب بن سکتے ہیں۔
اس کے علاوہ فاطمہ ثنا کے ڈسپلنری ریکارڈ میں ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی شامل کر دیا گیا ہے۔ گزشتہ 24 ماہ کے دوران یہ ان کی دوسری خلاف ورزی تھی، جس کے بعد اس عرصے میں ان کے ڈی میرٹ پوائنٹس کی مجموعی تعداد دو ہو گئی ہے۔
اس سے قبل فاطمہ ثنا کو قبل 6 اگست 2025 کو آئرلینڈ کے خلاف ڈبلن میں کھیلے گئے ٹی20 انٹرنیشنل میچ کے دوران ایک ڈی میرٹ پوائنٹ دیا گیا تھا۔
انڈیا کے خلاف میچ میں جہاں انڈین بولرز نے پاکستان کو صرف 55 رنز پر آؤٹ کر دیا، وہیں فاطمہ ثنا نے بولنگ میں تنہا مزاحمت کرتے ہوئے تین وکٹیں حاصل کیں، تاہم انڈیا نے بالآخر سات وکٹوں سے میچ جیت لیا۔
فاطمہ ثنا کی حاصل کردہ پہلی وکٹ شفالی ورما کی تھی، جنہوں نے معمولی ہدف کے تعاقب میں جارحانہ انداز اپنایا، تاہم وہ اپنی چھٹی گیند پر گیند کو واپس باؤلر کی جانب کھیلتے ہوئے کیچ آؤٹ ہو گئیں۔
فاطمہ ثنا نے کیچ پکڑنے کے بعد پویلین کی جانب اشارہ کیا، جس پر ان کے خلاف ضابطہ اخلاق کی کارروائی کی گئی۔
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

A post shared by ICC (@icc)

فاطمہ ثنا نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے امارات آئی سی سی انٹرنیشنل پینل آف میچ ریفریز کی سپریا داس کی جانب سے تجویز کردہ سزا قبول کر لی، جس کے باعث باقاعدہ سماعت کی ضرورت پیش نہیں آئی۔
لیول ون کی خلاف ورزی پر کم از کم سزا سرکاری طور پر سرزنش جبکہ زیادہ سے زیادہ سزا کسی کھلاڑی کی میچ فیس کا 50 فیصد جرمانہ اور ایک یا دو ڈی میرٹ پوائنٹس ہو سکتی ہے۔
انڈیا کے خلاف بھاری شکست کے باوجود پاکستان کے لیے ٹورنامنٹ میں سب کچھ ختم نہیں ہوا۔ پاکستان اتوار کو ایشیا کپ میں ہانگ کانگ، چائنا کے خلاف میدان میں اترے گا اور اس میچ میں کامیابی ٹیم کو ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں پہنچا دے گی۔

شیئر: