ٹائیگر شروف کی گاڑی پر فائرنگ، ڈرائیور زخمی، ’بشنوئی گینگ ملوث ہے‘
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں ٹائیگر شروف محفوظ رہے (فوٹو: انڈین میڈیا)
بالی وڈ سٹار ٹائیگر شروف کی گاڑی کو فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا ہے جس میں دو افراد زخمی ہوئے، جبکہ بشنوئی گینگ کی جانب سے ذمہ داری قبول کیے جانے کا دعویٰ بھی کیا گیا ہے۔
ٹریبیون انڈیا کی رپورٹ واقعہ اتوار کی شام کو ممبئی کے علاقے جوہو میں اس وقت پیش آیا جب ان کی گاڑی ایک مصروف شاہراہ سے گزر رہی تھی، اس وقت ان کا ایک دوست اور ڈرائیور بھی گاڑی میں موجود تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں ٹائیگر شروف محفوظ رہے جبکہ ان کا ڈرائیور زخمی ہوا جبکہ قریب سے گزرنے والے ایک رکشے میں سوار ایک شخص بھی گولی لگنے بھی زخمی ہوا۔
بعض میڈیا ادارے اداکار کے زخمی ہونے کا دعویٰ بھی کر رہے ہیں اور سوشل میڈیا پر ان کی ایسی تصویریں بھی گردش میں ہیں جس میں ان کے جسم پر پٹیاں بندھی دکھائی دیتی ہیں۔
تاہم پولیس کی جانب سے ایسی کوئی تصدیق نہیں کی گئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ایک شخص نے پیدل چلتے ہوئے اچانک گاڑی پر فائرنگ کر دی، جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی وقت سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث عناصر کو پکڑنے کے لیے کارروائی شروع کر دی گئی ہے اور خصوصی ٹیمیں سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لے رہی ہیں۔
ٹائیگر شروف کے والد اداکار جیکی شروف نے بھی تصدیق کی کہ ان کا بیٹا محفوظ ہے اور پولیس اسٹیشن میں حکام سے تعاون کر رہا ہے۔
دوسری جانب سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ وائرل ہے جس میں کہا گیا ہے کہ لارنس بشنوئی گینگ نے حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے، تاہم ابھی تک پولیس نے اس کی تصدیق نہیں کی ہے۔
دو مارچ 1990 میں پیدا ہونے والے اداکار کا اصل نام جے ہیمنت شروف ہے اور وہ اداکار ہونے کے ساتھ ساتھ مارشل آرٹس کے بھی ماہر ہیں اور تائیکوانڈو کے بلیک بیلٹ ہولڈر ہیں۔
انہوں نے وار، باغی، باغی ٹو جیسی فلموں سے کیریئر کا آغاز کیا اور جلد ہی فلم بینوں کی توجہ حاصل کر لی، وہ اب تک کئی مشہور فلموں میں کام کر چکے ہیں۔
فلموں کے علاوہ وہ کھیلوں کے میدان میں کافی سرگرم ہیں۔ انہوں نے 2019 میں میں میٹرکس فائٹ نائٹ کی بنیاد رکھی، جس کو انڈیا کا مکسڈ مارشل آرٹس کے مقابلوں کا بڑا پلیٹ فارم سمجھا جاتا ہے۔