الائچی کے ایک اشتہار کے معاملے پر بالی وڈ سٹار اور فوڈ کمشنر کے درمیان تنازع مزید شدت اختیار کر گیا ہے جو پہلے سے ہی عدالت میں ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق عدالتی فیصلہ یہ طے کرنے کے لیے کافی اہم ہو گا کہ کمپنیاں ان برانڈز کی بالواسطہ تشہیر کہاں تک کر سکتی ہیں، جن کے اشتہارات پر بندشیں عائد ہیں۔
انڈیا میں شراب اور تمباکو کے اشتہارات پر پابندی ہے، تاہم حکام کئی سال سے ان مصنوعات کی بالواسطہ تشہیر پر بھی اعتراض کرتے رہے ہیں۔
اس طریقے کو ’سروگیٹ ایڈورٹائزنگ‘ کہا جاتا ہے، جس میں کمپنیاں اصل مصنوعات کے بجائے سوڈا، پانی یا شیشے کے برتنوں کے نام پر اپنے برانڈ کی تشہیر کرتی ہیں۔
مزید پڑھیں
اس بارے میں کمپنیوں کا کہنا ہے کہ یہ مصنوعات الگ کاروبار کا حصہ ہیں اور ان کے اشتہارات پر پابندی نہیں لگائی جا سکتی۔ دوسری جانب صحت کے حکام کا مؤقف ہے کہ ایسے اشتہارات کا اصل مقصد پابندی کے شکار برانڈز کو لوگوں کے ذہنوں میں زندہ رکھنا ہے۔
انڈیا میں 2024 سے ایسے اشتہارات پر مکمل پابندی لگانے کے لیے سخت قوانین بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
بالی وڈ اداکار اجے دیوگن نے ریاست مہاراشٹر کی فوڈ اتھارٹی کے خلاف عدالت سے رجوع کیا ہے اور موقف اختیار کیا ہے کہ انہیں ومَل الائچی کے اشتہارات میں کام کرنے سے روکنے کا حکم غلط ہے۔
مہاراشٹر کے فوڈ سیفٹی کمشنر توکارام منڈھے نے اگست میں اجے دیوگن، شاہ رخ خان اور ٹائیگر شروف سے کہا تھا کہ وہ ومَل الائچی کے اشتہارات میں کام بند کر دیں۔
ان کے مطابق ’یہ برانڈ زیادہ تر پان مصالحہ کے لیے جانا جاتا ہے، جس پر ریاست میں پابندی ہے۔‘
نئی دہلی سے تعلق رکھنے والے وکیل انوج تیواری کا خیال ہے کہ ہائی کورٹ میں زیر سماعت یہ مقدمہ مستقبل میں ایسے معاملات کے لیے مثال بن سکتا ہے۔

’عدالت اس بات کا جائزہ لے گی کہ پابندیاں لگانے سے پہلے متعلقہ محکمے نے منصفانہ طریقہ اختیار کیا یا نہیں، اور یہ بھی طے ہو گا کہ کس قسم کے اشتہارات کو بالواسطہ تشہیر قرار دیا جا سکتا ہے۔‘
ومل الائچی کے یوٹیوب پیج پر موجود دو سال پرانے اشتہار میں بالی وڈ اداکاروں کو خوشی مناتے اور ایک دوسرے پر زعفران پھینکتے دکھایا گیا ہے اور ان میں اجے دیوگن کو ومل الائچی استعمال کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
ہندی زبان میں اس اشتہار کو 10 کروڑ 70 لاکھ سے زائد بار دیکھا جا چکا ہے جبکہ دیگر بھارتی زبانوں میں اس کے ترجمہ شدہ اشتہارات کو بھی لاکھوں ویوز ملے ہیں۔
اشتہار کے ساتھ لکھا گیا ہے کہ ’اجے، شاہ رخ خان اور ٹائیگر شروف نے زعفران سے ہولی کھیلی اور پورے علاقے کو زعفران سے رنگ دیا۔‘
اجے دیوگن کی جانب سے درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ریاست میں الائچی پر پابندی نہیں ہے اس لیے ایسی چیز کی تشہیر کرنے پر بھی کوئی پابندی نہیں ہونی چاہیے جس پر قانونی بندش نہ ہو۔
تاہم دوسری جانب فوڈ کمشنر توکارام منڈھے نے کہا کہ ریاستی حکومت سمجھتی ہے کہ یہ اشتہارات عوامی صحت کے لیے نقصان دہ ہیں۔
’شاہ رخ خان اور ٹائیگر شروف کی جانب سے جمع کرائے گئے جوابات کا بھی الگ سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔‘













