999 روپے سے 11.8 لاکھ تک: ارجیت سنگھ کے ٹور کے ٹکٹ دلجیت سے کہیں مہنگے
جمعرات 22 اکتوبر 2026 15:01
دونوں فنکار احمد آباد کے نریندر مودی سٹیڈیم سمیت بڑی گنجائش والے مقامات پر پرفارم کریں گے۔(فوٹو:انسٹاگرام)
انڈیا کے معروف گلوکار ارجیت سنگھ اور دلجیت دوسانجھ ملک بھر میں بڑے سٹیڈیم ٹورز کی تیاری کر رہے ہیں، تاہم دونوں سٹارز کے ٹکٹوں کی زیادہ سے زیادہ قیمتوں میں بڑا فرق سامنے آیا ہے۔
انڈیا ٹوڈے کے مطابق ارجیت کے آئندہ ٹور کے وی آئی پی پیکج کی قیمت 11.8 لاکھ روپے تک پہنچ گئی ہے، جبکہ دلجیت نے اپنے مہنگے ترین ٹکٹ کی قیمت 18 ہزار روپے رکھی ہے۔
دونوں فنکار احمد آباد کے نریندر مودی سٹیڈیم سمیت بڑی گنجائش والے مقامات پر پرفارم کریں گے۔
ارجیت سنگھ نے موسیقی کی دنیا میں اپنے 20 سال مکمل ہونے کے موقع پر جنوری سے مئی 2027 تک نو شہروں پر مشتمل ملک گیر ٹور کا اعلان کیا ہے۔
یہ اعلان اس فیصلے کے بعد سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے جنوری میں پلے بیک سنگنگ سے الگ ہو کر اپنے میوزک پروجیکٹس پر توجہ دینے کا اعلان کیا تھا۔
سٹیڈیم کنسرٹس میں ان کے مقبول گانے ’اگر تم ساتھ ہو‘، ’تم ہی ہو‘ سمیت دیگر نغمے شامل ہوں گے۔
ٹکٹوں کی قیمتیں احمد آباد میں ابتدائی نشستوں کے لیے 999 روپے سے شروع ہوتی ہیں اور ممبئی کے مہالکشمی ریس کورس میں 15 نشستوں پر مشتمل لاؤنج کے لیے 11.8 لاکھ روپے تک جاتی ہیں۔
سرکاری ٹکٹنگ پارٹنر ’تھمپ این‘ کے مطابق مختلف شہروں میں اعلیٰ درجے کی ہاسپیٹیلٹی ٹیبلز کی قیمت 7 لاکھ سے 10 لاکھ روپے کے درمیان ہے۔
ان گروپ پیکجز میں صوفہ نشستیں، مفت الکوحل، مخصوص داخلی راستے، الگ واش رومز اور ایک مقرر کردہ کانٹینٹ کری ایٹر کی تیار کردہ مختصر ویڈیو شامل ہے۔
پریمیم ٹیبل کیٹیگریز میں سے تقریباً 60 فیصد پہلے ہی بُک ہو چکی ہیں۔
ٹور کا آغاز 9 جنوری 2027 کو احمد آباد سے ہوگا، جس کے بعد 23 جنوری کو چندی گڑھ اور 7 فروری کو جے پور میں کنسرٹ ہوں گے۔
اس کے بعد ممبئی میں 20 فروری، بنگلورو میں 13 مارچ، نئی دہلی میں 27 مارچ، پونے میں 10 اپریل، اندور میں یکم مئی اور آخر میں حیدرآباد میں 15 مئی کو پرفارمنس ہوگی۔
دوسری جانب دلجیت دوسانجھ نے اپنے جاری ’اورا ورلڈ ٹور‘ کے انڈین مرحلے کے لیے ٹکٹوں کی نسبتاً کم حد مقرر کی ہے۔ اس سے قبل 2024 کے ’دل لومیناتی ٹور‘ سے تقریباً 943 کروڑ روپے کی آمدنی ہوئی تھی۔
یورپ اور شمالی امریکا میں کنسرٹس کے بعد دلجیت کے ملکی مرحلے کا آغاز یکم نومبر کو دہلی این سی آر سے ہوگا۔
اس کے بعد وہ 15 نومبر کو اندور، 21 نومبر کو احمد آباد، 27 نومبر کو ممبئی، 29 نومبر کو بنگلورو اور 5 دسمبر کو لکھنؤ میں پرفارم کریں گے۔ چندی گڑھ میں ایک اضافی کنسرٹ کی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
ارجیت سنگھ نے 2005 میں میوزک ریئلٹی شو ’فیم گروکل‘ میں شرکت سے قومی سطح پر توجہ حاصل کی۔
گزشتہ دو دہائیوں میں وہ ہندی سنیما کے صفِ اول کے پلے بیک سنگرز میں شمار ہونے لگے۔
ان کے مقبول گانوں میں ’چنا میریا‘، ’تم ہی ہو‘، ’اے دل ہے مشکل‘، ’گیروا‘، ’بلیا‘، ’کیسریا‘، ’اپنا بنا لے‘ اور ’جھومے جو پٹھان‘ شامل ہیں۔
ان کا حالیہ کام ہدایت کار نتیش تیواری کی آئندہ ایپک فلم ’رامائن‘ کے لیے گانا ’جے جے رام‘ ہے، جس میں رنبیر کپور، سائی پلوی، یش، روی دوبے اور سنی دیول شامل ہیں۔ فلم 5 نومبر 2026 کو سینما گھروں میں ریلیز ہوگی۔
دلجیت دوسانجھ گزشتہ دو دہائیوں سے موسیقی اور فلم دونوں میں سرگرم ہیں اور سٹیڈیم پرفارمنسز اور فلموں کے ذریعے انڈیا اور بیرونِ ملک وسیع فین بیس بنا چکے ہیں۔
حال ہی میں وہ امتیاز علی کی فلم ’مین واپس آؤں گا‘ (2026) میں نظر آئے، جس میں نصیرالدین شاہ، شرواری اور ویدانگ رائنہ بھی شامل تھے۔