Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہی فرمان: ریاستی سلامتی کا اعلیٰ ادارہ قائم کیا جائے

ریاستی سلامتی کے اعلیٰ ادارے میں محکمہ خفیہ ،اسپیشل سیکیورٹی فورس ، اسپیشل ایمرجنسی فورس اور شہری ہوابازی کے ادارے کو ضم کر دیا گیا

جدہ ( وا س ) خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے ریاستی سلامتی کا اعلیٰ ادارہ قائم کر دیا ۔ وزیراعظم کے ماتحت ہوگا ۔ ریاست سلامتی کے جملہ امور کا نگراں ہو گا ۔ شاہ سلمان نے جمعرات کو کئی فرامین جاری کئے انہوں نے جنرل عبدالعزیز بن محمد الھویرینی کو ریاستی سلامتی کے اعلیٰ ادارے کا سربراہ بدرجہ وزیر مقرر کیا ۔ وہ محکمہ خفیہ کے ڈائریکٹر جنرل کے عہدے پر بھی سرفراز رہیں گے ۔ عبداللہ عبدالکریم عبدالعزیز العیسیٰ کو ریاستی سلامتی کے ادارے کے سربراہ کا معاون بدرجہ وزیر متعین کیا ۔ ریاستی سلامتی کے اعلیٰ ادارے میں محکمہ خفیہ ،اسپیشل سیکیورٹی فورس ، اسپیشل ایمرجنسی فورس اور شہری ہوابازی کے ادارے کو ضم کر دیا گیا ۔شاہ سلمان نے ایک اور فرمان جاری کر کے تکنیکی امور کے اعلیٰ ادارے اور نیشنل انفارمیشن سینٹر کو بھی ریاستی سلامتی ادارے کا حصہ بنا دیا۔شاہی فرمان جاری کر کے یہ بھی واضح کر دیا گیا کہ وزارت داخلہ کے ماتحت متعلقہ اداروں اور سیکیورٹی امور کی ایجنسی کے تمام امور ریاستی سلامتی کے اعلیٰ ادارے کو حاصل ہونگے ۔ وزیر داخلہ سیاسی و سلامتی امور کونسل کے رکن ہوں گے ۔ خادم حرمین شریفین نے الدرعیہ گیٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی قائم کر کے اس کاسربراہ ولیعہد کو بنا دیا۔شاہ سلمان نے العلاء کمشنری ،رائل کمیشن کے قیام کا فیصلہ کر کے ولیعہد کو اس کا سربراہ متعین کیا ۔ سربراہ ،ارکان  اور گورنر کی تقرری وزیراعظم کے ہاتھ میں ہو گی ۔ شاہ سلمان نے بدر محمد عبدالعزیز بن عساکر کو ولیعہد کے دفتر خاص کا ڈائریکٹر برائے نجی امور بدرجہ وزیر متعین کر دیا ۔ انہوں نے شاہی فرمان جاری کر کے طے کیا کہ ریاستی سلامتی کے اعلیٰ ادارہ کا سربراہ سیاسی و سلامتی امور کی کونسل کا رکن ہو گا ۔ شاہ سلمان نے محمد عبداللہ ابراہیم القویز کو مالیاتی منڈی کی اتھارٹی کا چئیرمین بدرجہ وزیر متعین کر دیا۔انہوں نے جنرل حمد العوھلی کو شاہی گارڈ کی سربراہی کے منصب سے سبکدوش کر دیا۔لیفٹیننٹ سہیل المطیری کو جنرل بناکر انہیں شاہی گارڈز کا سربراہ متعین کر دیا ۔خالد الحربی کو جنرل اور مفلح سلیم العتیبی کو لیفٹیننٹ کے درجے پر ترقی دیدی ۔ 
 
 
 
 
 
 
 
 

شیئر: