جوہانسبرگ ...... جنوبی افریقہ کے شمالی علاقے زیمانگا کے گیم ریزرو پارک میں 2 قوی الجثہ پرندوں کی زبردست لڑائی دیکھنے میں آئی ہے۔ کنگ فو انداز کی یہ لڑائی مچھلیوں کے شکار کے حوالے سے مشہور افریقی عقاب اور ایک سمندری بطخ کے درمیان ہوئی۔ جو دیکھنے سے تعلق رکھتی ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ موقع پر موجود فوٹو گرافر نے اس نادر موقع کا بھرپور فائدہ اٹھایا اور کسی تاخیر کے بغیر اسکی تصویر اتار کر نیٹ پر جاری کردی جو بیحد مقبول ہورہی ہے۔اس حوالے سے جاری ہونے والی وڈیو سے پتہ چلتا ہے کہ غالبادونوں ہی مارشل آرٹ کے ماہر تھے اور اپنی مہارت دکھانے کیلئے ہر وہ داو چل رہے تھے جس پر انہیں عبور حاصل تھا۔ جنگ کی ابتداءافریقی عقاب کے حملے سے ہوئی جس پر گولیت نسل کی سمندری بطخ کو بھی غصہ آگیا اور دونوں بری طرح الجھ پڑے۔ تصویر سے پتہ چلتا ہے کہ دونوں اپنے بازو پھیلا کر ایک دوسرے پر اپنی زور آوری کی دھونس جمانے کی کوشش کررہے تھے اور چاہتے تھے کہ دوسرا انہیں بڑا اور طاقتور تسلیم کرے۔ نادر موقع کی فوٹو گرافی کا سہرا مشہور مقامی فوٹو گرافر 40سالہ میکس کے سر ہے جن کا کہنا تھا کہ وہ اتفاق سے قریب ہی موجود تھے اور پارک میں فوٹو گرافروں کے لئے مخصوص گوشے میں دوسرے فوٹو گرافروں کے ساتھ موجود تھے مگر یہ واقعہ جتنا انکی نظروںکے قریب پیش آیا دوسرے فوٹو گرافر اس سے محروم رہے۔ تصویر میں دونوں پرندے اپنے بازووں کو انکی ممکنہ حد تک پھیلائے نظر آتے ہیں اور یہ وہی اسٹائل ہے جو کنگ فو کے فائٹرز مقابلے سے قبل اپنے بازو پھیلا کر اختیار کرتے ہیں۔ تصویر میں انکے بازو پھیلے ہوئے اور قدم مضبوطی سے جمے ہوئے نظر آتے ہیں۔ دلچسپ وڈیو لوگوں میں بیحد تیزی سے مقبول ہورہی ہے۔








