پٹنہ------بی جے پی نے مختلف ریاستوں کی طرح بہارمیں بھی اپنا سیاسی کھیل کھیلا۔آندھراپردیش کانگریس کے صدر این رگھوویراریڈی نے الزام لگایا کہ بی جے پی کی غیر اخلاقی سیاست کے نتیجہ میں ہی بہار میں نتیش کمار کی زیرقیادت عظیم اتحاد ٹوٹ گیا ۔انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ بی جے پی نے سیاسی فائدہ کیلئے بہار میں جمہوریت کو برباد کردیا ہے۔ بہار کے رائے دہندوں نے 5برس تک حکمرانی کیلئے جے ڈی یو ، آرجے ڈی اورکانگریس کو اقتدارحوالے کیا تھا ۔نتیش کمارکا فیصلہ عوامی فیصلہ کیخلاف ہے۔گورنر کو چاہئے کہ وہ آر جے ڈی کو حکومت کی تشکیل کیلئے مدعوکرے جو ریاست کی سب سے بڑی جماعت ہے۔انہوں نے بی جے پی کی حمایت کے ساتھ حکومت تشکیل دینے نتیش کمار سے خواہش کرنے گورنر کے فیصلہ پراعتراض کیا ۔انہوں نے نشاندہی کی کہ ماضی میں بی جے پی نے گوا اور اروناچل پردیش میں بھی ایسی ہی غیر اخلاقی سیاست کی تھی۔