Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کون اِن اور کون آؤٹ؟ پی ایس ایل فرنچائزز میں کھلاڑیوں کی ریٹینشنز کا اعلان

سیالکوٹ سٹالینز اور حیدرآباد سنیچر سات فروری کو اپنے کھلاڑیوں کے حوالے سے اعلان کریں گی۔ تصویر: اے ایف پی
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 11ویں ایڈیشن سے قبل فرنچائزز نے کھلاڑیوں کی ریٹینشن اور ریلیز کے فیصلے کیے ہیں۔
جہاں ایک طرف سیالکوٹ سٹالینز نے آسٹریلوی بیٹر سٹیو سمتھ کو سکواڈ کا حصہ بنا لیا ہے وہیں بابر اعظم، شاہین آفریدی، شاداب خان اور ابرار احمد جیسے بڑے ناموں کو ان کی فرنچائزز نے برقرار رکھا ہے۔
اس کے برعکس حارث رؤف، فخر زمان، نسیم شاہ اور صائم ایوب جیسے نمایاں کھلاڑی ریلیز ہونے والوں میں شامل ہیں۔ 
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق اسلام آباد یونائیٹڈ کے علاوہ تمام فرنچائزز نے چار چار کھلاڑیوں کو برقرار رکھا ہے۔
یونائیٹڈ کی جانب سے تین کھلاڑیوں کو برقرار رکھا گیا ہے۔
دو نئی فرنچائزز سیالکوٹ سٹالینز اور حیدرآباد سات فروری کو اپنے کھلاڑیوں کے حوالے سے اعلان کریں گی۔
کراچی کنگز 
کراچی کنگز نے پلاٹینم کیٹیگری میں فاسٹ بولر حسن علی کو برقرار رکھا ہے جبکہ ڈائمنڈ میں عباس آفریدی، گولڈ میں خوشدل شاہ اور ایمرجنگ میں سعد بیگ کو ریٹین کیا گیا ہے۔
لاہور قلندرز 
دفاعی چیمپیئن لاہور قلندرز نے کپتان شاہین آفریدی کو پلاٹینم کیٹیگری میں برقرار رکھا، تاہم حارث رؤف اور فخر زمان کو ریلیز کر دیا گیا ہے۔
ڈائمنڈ میں عبداللہ شفیق، گولڈ میں سکندر رضا اور سلور میں محمد نعیم کو ریٹین کیا گیا ہے جبکہ سلمان مرزا، زمان خان، جہانداد خان، آصف آفریدی، آصف علی، محمد اخلاق اور محمد عازب ریلیز ہونے والوں میں شامل ہیں۔
اسلام آباد یونائیٹڈ 
اسلام آباد یونائیٹڈ نے پلاٹینم کیٹیگری میں شاداب خان کو برقرار رکھا ہے جبکہ گولڈ میں سلمان ارشاد اور سلور میں آندریس گوس کو ریٹین کیا گیا ہے۔
نسیم شاہ اور صاحبزادہ فرحان سمیت سلمان علی آغا، محمد نواز، عماد وسیم، اعظم خان، حیدر علی، رومان رئیس، محمد فائق اور حنین شاہ کو ریلیز کر دیا گیا ہے۔ 

پاکستان سپر لیگ کے گیارہویں سیزن کا آغاز 26 مارچ سے ہوگا، جو 3 مئی تک جاری رہے گا۔ تصویر: پی سی بی 

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پلاٹینم میں ابرار احمد، ڈائمنڈ میں عثمان طارق، گولڈ میں حسن نواز اور ایمرجنگ میں حسین کو برقرار رکھا ہے جبکہ محمد عامر، فہیم اشرف، سعود شکیل، محمد وسیم جونیئر، خرم شہزاد، حسیب اللّٰہ خان، خواجہ نافع، دانش عزیز اور محمد ذیشان ریلیز کر دیے گئے ہیں۔
پشاور زلمی 
پشاور زلمی نے کپتان بابر اعظم کو برقرار رکھتے ہوئے ڈائمنڈ میں سفیان مقیم، گولڈ میں عبدالصمد اور ایمرجنگ میں علی رضا کو ریٹین کیا ہے جبکہ پلاٹینم کیٹیگری سے صائم ایوب کو ریلیز کر دیا گیا ہے۔ 
واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے گیارہویں سیزن کا آغاز 26 مارچ سے ہوگا، جو 3 مئی تک جاری رہے گا۔
 

شیئر: