Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہند:صنعتی ملازمین کی تنخواہیں دگنی ہونگی

نئی دہلی.... مرکز کی مودی حکومت پارلیمنٹ کے رواں مانسون اجلاس میں ایک ایسا قانونی مسودہ پیش کرنے جارہی ہے جس میں چھوٹے کاروبار اور صنعتوں میں کام کرنے والے ملازمین کی تنخواہ دگنی ہوجائےگی، مسودے کو حتمی شکل دی جارہی ہے جس میں ایک محنت کش کو 18 ہزار روپے ماہانہ تنخواہ دینے کی گنجائش رکھی گئی ہے۔ اتنی ہی تنخواہ کنٹریکٹ ملازمین کو بھی دی جائےگی جن کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ ان کا سب سے زیادہ استحصال ہورہا ہے۔ مرکزی حکومت کے اس فیصلے سے جہاں مزدوروں اور چھوٹے ملازمین کو ان کی محنت کا صحیح معاوضہ ملے گا وہیں اس بات کا بھی خدشہ پیدا ہوجائے گا کہ چھوٹے کاروباری افراد اور چھوٹی صنعتیں اپنے یہاں ملازمین کی چھانٹی شروع کردیں کیونکہ حکومت کے اس قانون میں جتنی تنخواہ مقرر کی گئی ہے اس کی ادائیگی چھوٹے کاروباری و صنعتوں کے مالکان کیلئے مالی بحران کا سبب بن سکتی ہے۔ چھانٹی کا عمل شروع ہونے سے بیروزگاری میں اضافے کا اندیشہ بھی ظاہر کیا جارہا ہے۔ مودی حکومت کے اس قانون کا سب سے زیادہ اثر غریب مزدوروں پر پڑے گاکیونکہ ملک میں 78 فیصد کمپنیاں چھوٹے پیمانے پر سے متعلق ہیں جن میں 50 سے کم ملازمین کام کرتے ہیں۔ ایسے وقت میں جبکہ حکومت کیلئے روزگار فراہم کرنا بڑا چیلنج ہے کم سے کم تنخواہ کو دگنا کئے جانے سے بحران گہرا ہوسکتا ہے۔ بلوبرگ کی ایک رپورٹ کے مطابق ملک میں ہر مہینے تقریباً10 لاکھ نئی ملازمتوں کی ضرورت ہے لیکن 2015 ءمیں بی جے پی حکومت نے جو اعدادوشمار جاری کئے ان کے مطابق ہر ماہ صرف 10 ہزار نوکریاں ہی فراہم کی جارہی ہیں۔ نوٹ بندش کے بعد نقدی کی جو کمی ان چھوٹے کاروبار میں آئی ہے اس سے پورا بزنس متاثر ہوا ہے۔ اسکے علاوہ جی ایس ٹی کے نفاذ کے بعد سے بھی چھوٹے کاروبار اور چھوٹی صنعتوں کی سرگرمیاں مزید متاثر ہوگئی ہیں۔

شیئر: