Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات کے نیوکلیئر پارو پلانٹ کے قریب ڈرون حملہ، اقوام متحدہ کے نگران ادارے کو تشویش

ڈرون حملے کے نتیجے میں تابکاری تحفظ کی سطح متاثر نہیں ہوئی ( فائل فوٹو: وام)
اقوام متحدہ کے نگران ادارے نے ابوظبی کے مضافاتی علاقے میں جوہری پاور پلانٹ کے قریب ڈرون حملے پر ’گہری تشویش‘ کا اظہار کیا ہے۔
متحدہ عرب امارات کے فضائی دفاعی نظام نے تین ڈرون حملوں سے نمٹا ہے، دو کو کامیابی سے روک لیا گیا جبکہ تیسرے نے الظفرہ ریجن میں واقع نیوکلیئر پاور پلانٹ کے جنریٹر کو نشانہ بنایا ہے۔
ابوظبی میڈیا آفس سے جاری بیان میں کہا گیا ’الظفرہ ریجن میں واقع براکہ نیوکلیئر پاور پلانٹ کے اندرونی حفاظتی حصار سے باہر ایک برقی جنریٹر میں لگنے والی آگ پر فوری کارروائی کرتے ہوئے صورتحال پر قابو پا لیا گیا۔‘
بیان کے مطابق’ ڈرون حملے کے نتیجے میں آگ بھڑکی، تاہم اس واقعے میں کوئی جانی نقصان رپورٹ نہیں ہوا اور نہ ہی تابکاری تحفظ کی سطح متاثر ہوئی۔‘
بیان میں کہا گیا’ تمام احتیاطی اقدامات اختیار کر لیے گئے ہیں جبکہ مزید تفصیلات مناسب وقت پر جاری کی جائیں گی۔‘
فیڈرل اتھارٹی برائے نیوکلیئر ریگولیشن نے تصدیق کی  کہ’ واقعے سے نیوکلیئر پاور پلانٹ کی سلامتی یا اس کے اہم نظاموں کی تیاری متاثر نہیں ہوئی، پلانٹ کے تمام یونٹس معمول کے مطابق کام کر رہے ہیں۔‘
بیان میں عوام پر زور دیا گیا کہ ’معلومات صرف سرکاری ذرائع سے حاصل کریں اور افواہوں یا غیر مصدقہ اطلاعات پھیلانے سے گریز کریں۔‘

 

شیئر: