روس پر یوکرین کے ڈرون حملے میں ایک انڈین شہری ہلاک، تین زخمی
2022 میں روس کے یوکرین پر حملے کے بعد شروع ہونے والا یہ تنازع اب تک لاکھوں افراد کی جان لے چکا ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
روس میں کام کرنے والا ایک انڈین شہری ماسکو اور اس کے گردونواح میں یوکرین کے ایک بڑے ڈرون حملے کے دوران ہلاک ہونے والے تین افراد میں شامل ہیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق روس میں انڈین سفارتخانے نے اتوار کو ایک بیان میں کہا کہ ’ماسکو کے علاقے میں آج ڈرون حملے میں ایک انڈین کارکن اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا جبکہ تین دیگر زخمی ہوئے ہیں۔‘
بیان کے مطابق سفارتخانے کے حکام نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور ہسپتال میں زخمی کارکنوں سے ملاقات کی۔
تقریباً 600 یوکرینی ڈرونز کی ایک لہر نے رات بھر روس پر حملہ کیا، جس کے نتیجے میں ماسکو کے علاقے میں تین افراد اور بیلگوروڈ کے علاقے میں ایک شخص ہلاک ہوا۔
یوکرینی حکام کے مطابق یہ جنگ کے دوران دارالحکومت پر اب تک کا سب سے بڑا حملہ تھا۔
یہ واقعہ اس کے کچھ دن بعد پیش آیا جب روسی میزائل اور ڈرون حملوں نے کیف پر بمباری کی، جس میں یوکرینی دارالحکومت میں کم از کم 24 افراد ہلاک ہوئے تھے، اور یوکرین نے اس کا بدلہ لینے کا عزم ظاہر کیا تھا۔
2022 میں روس کے یوکرین پر حملے کے بعد شروع ہونے والا یہ تنازع اب تک لاکھوں افراد کی جان لے چکا ہے اور یورپ کی دوسری عالمی جنگ کے بعد سب سے خونریز جنگ بن چکا ہے۔ 