پاکستان کےخلاف عالمی سازش کامیاب نہیں ہو گی ، چوہدری اکرم اور دیگرکاتقریب سے خطاب
جدہ (ارسلان ہاشمی ) پاکستان یوتھ کونسل کے مرکزی صدر ملک منظور حسین کی جانب سے یوتھ کونسل ساﺅتھ افریقہ کے صدر شہزاد انور چوہدری کے اعزاز میں منعقدہ استقبالیہ تقریب منعقد کی گئی ۔مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مسلم لیگ سے تعلق رکھنے والے اپنے قائد پر مکمل اعتماد کرتے ہیں ۔ تقریب میں مسلم لیگ (ن) سعودی عرب کے چیئرمین چوہدری محمد اکرم ، معروف سماجی اور سیاسی شخصیت چوہدری محمد اعظم ، ( ن) لیگ کے نائب صدر چوہدری عبدالوحید، چوہدری عنایت جاڑا ۔پاک میڈیا گروپ کے صدر چوہدری رضوان ، پاکستان یوتھ کونسل سعودی عرب صدر ملک سجاد اعوان ، جنرل سیکریٹری چوہدری عرفان سدرہ اور دیگر افراد شریک تھے ۔ شرکائے تقریب نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کی پاکستان کےلئے خدمات کو سراہتے ہوئے کہاکہ پاکستان کی تعمیر و ترقی اور استحکام کےلئے نواز شریف کی خدمات مثالی ہیں ۔ پاک ، چین تجارتی راہداری منصوبہ تکمیل سے پاکستان ایشیا میں عظیم الشان معاشی طاقت بن کر ابھرے گا ۔ اس منصوبے سے اغیار پریشان تھے جس کےلئے نواز شریف کو اس منصب سے ہٹا نا دراصل عالمی سازش کا حصہ ہے ۔شرکاءنے مزید کہا کہ ہم اپنے قائدین کو اس بات کا یقین دلاتے ہیں کہ مسلم لیگی کارکن اور عہدیدار اپنی قیادت سے مخلص ہیں اور رہیں گے ۔ آئندہ انتخابات اس بات کی تصدیق کر دیں گے کہ نواز شریف کی قیادت پر عوام کتنا اعتماد کرتے ہیں ۔ چوہدری محمد اکرم نے کہاکہ سی پیک کا منصوبہ ملکی ترقی کےلئے مسلم لیگی قیادت کی جانب سے عظیم الشان تحفہ ہے جس کی تکمیل سے پاکستان ترقی یافتہ اقوام میں شامل ہو جائے گا ۔