سعودی عرب کے ویژول آرٹ کمیشن نے 2026-2025 کے لیے ’آرٹ بریجز‘ انیشیٹیو کا آغاز کر دیا ہے جس میں ثقافتی تبادلے کے فروغ کے لیے کئی بین الاقوامی پروگرام ڈیزائن کیے گئے ہیں۔
ان پروگراموں کی میزبانی سکاٹ لینڈ، جاپان، جنوبی کوریا اور سپین کریں گے۔
پہلا پروگرام سکاٹ لینڈ میں 22 سے 27 ستمبر کے درمیان برٹش کونسل سکاٹ لینڈ کے تعاون کے ساتھ منعقد کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں
-
سعودی آرٹسٹ کی ’سیفورا‘ کے ساتھ یوم تاسیس کی تخلیقی پیشکشNode ID: 886297
-
سعودی آرٹسٹ جن کے فن پارے عسیر ریجن کے لینڈ سکیپ سے متاثر ہیںNode ID: 892847
اسی سلسلے میں جاپان 31 اکتوبر سے 7 نومبر کے درمیان ایک ایونٹ کا اہتمام کرے گا جس کے بعد جنوبی کوریا 19 سے 27 نومبر جبکہ سپین اگلے برس 2 سے 9 مارچ کے دوران ایسا ہی پروگرام ترتیب دے گا۔
ویژول آرٹس کمیشن کے سی ای او دینا امین نے ایک بیان میں کہا کہ یہ انیشیٹیو، ثقافت سے منسلک افراد کو ایک بہترین موقع پیش کرے گا کہ وہ اپنی تخلیقی آواز کو دنیا کے ساتھ شیئر کریں۔
’آرٹ بریجز‘ کا ہر ایڈیشن میزبان ملک کی ثقافت و روایات کے حساب سے مرتب کیا جائے گا۔
ان پروگراموں کے تحت رہنماؤں سے ملاقاتیں ہوں گی، اہم ثقافتی اداروں، میوزیم، گیلریوں اور آرٹسٹ سٹوڈیوز میں دوروں کا اہتمام کیا جائے گا اور ورکشاپس کا بندوبست بھی کیا جائے گا۔
علمی گفتگو اور تبادلۂ خیالات کے لیے خصوصی سیشن منعقد ہوں گے اور ساتھ ساتھ مقامی طور پر فن سے وابستہ نمایاں شخصیات کے ساتھ مکالمے کا بھی اہتمام ہوگا۔

2026-2025 کے ان پروگراموں میں خاص موضوعات پر غور و فکر کیا جائے گا جیسے جاپان میں منعقدہ ایونٹ میں فن اور ماحول پر خصوصی توجہ دی جائے گی اور دیکھا جائے گا کہ فنکار قدرتی، شہری اور روایتی منظر اور ماحول میں کس طرح انٹرایکٹ کرتے ہیں۔
جنوبی کوریا کے پروگرام میں فن اور معاشرے کے ذریعے شناخت کو خاص موضوع بنایا جائے گا اور کمیونٹی سے متعلق ثقافتی تحاریک، فنکاروں کی آزاد سپیسز اور باہمی تعاون کے ساتھ پلیٹ فارمز کا مطالعہ کیا جائے گا۔
سپین میں پروگرام کے دوران میراث اور تعاون کی سرگرمیاں خاص طور پر نمایاں ہوں گی جن میں ایک جیسے فنکارانہ اظہار اور سماجی مقاصد کے مشترکہ پہلوؤں کو یکجا کیا جائے گا۔

ان پروگراموں کے لیے درخواستوں کی وصولی 13 اگست سے شروع ہوئی ہے۔ جاپان کے پروگرام کے لیے درخواستیں بھیجنے کی آخری تاریخ 31 اگست، جبکہ جنوبی کوریا اور سپین کے لیے درخواست بھیجنے کی آخری تاریخ 31 اگست ہے۔
درخواست دینے والے کی عمر 21 سال سے زیادہ ہونی ضروری ہے اور پانچ سال کا پروفیشنل تجربہ جس میں نمونے کے کام کی نوعیت کا موثر ہونا شرط ہے۔ درخواست گذار کا انگریزی زبان پر عبور اور پروگرام کے مکمل شیڈیول پر کاربند رہنا لازمی ہوگا۔
کمیشن کا کہنا ہے نقشۂ عالم پر سعودی عرب کی ثقافتی موجودگی کی توسیع، ’آرٹ بریجز‘ کی حکمتِ عملی کا بنیادی حصہ ہے جس سے پائیدار تخلیقی ایکو سسٹم کی تعمیر اور طویل مدتی عالمی شراکت داری میں اضافہ کرنا ہے۔