سعودی وزارت اسلامی امور کے زیر اہتمام مسجد الحرام مکہ مکرمہ میں منعقد ہ 45 واں کنگ عبدالعزیز بین الاقوامی مقابلہ حسن قرات، حفظ قرآن اور تفسیر کا فائنل راؤنڈ کامیابی سے اختتام پذیر ہوا۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق فائنل مرحلہ مسلسل 6 روز تک جاری رہا جس میں 128 ممالک سے تعلق رکھنے والے 179 افراد شریک ہوئے۔

شرکا کے درمیان زبردست مسابقت دیکھنے میں آئی۔ عمدہ قرات، مکمل حفظ، فصیح ادائیگی اور خوش الحانی کا مظاہرہ کیا۔ بین الاقوامی ججز کے پینل نے شرکا کی کارکردگی کا شفاف اور جدید الیکٹرانک سسٹم کے ذریعے جائزہ لیا۔
مسجد الحرام میں موجود زائرین کی بڑی تعداد نے اس مقابلے کو دیکھا اور سعودی حکومت کی خدمات کو سراہا۔

مقابلے کے شرکا نے دنیا بھر میں قرآن اور اس کے حفظ کرنے والوں کی مسلسل سپورٹ کےلیے سعودی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے وزیر اسلامی امور کی بھی تعریف کی اور ان کی کاوشوں کو سراہا۔
