Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پروازوں کی منسوخی پر مسافروں کے حقوق کیا ہیں؟

 ریاض.... محکمہ شہری ہوابازی میں مسافروں کے حقوق کے تحفظ کے ماہر عادل الیمانی نے واضح کیا ہے کہ اگر کسی مسافر کی عالمی پرواز مقررہ تاریخ سے 14روز قبل منسوخ کردی جائے تو ایسی صورت میں اسے ٹکٹ کی مکمل یا باقی ماندہ قیمت اور 100فیصد معاوضہ حاصل کرنے کا حق حاصل ہوگا۔ الیمانی نے مزید واضح کیا کہ اگر داخلی پرواز سفر سے 7دن قبل منسوخ کردی جائے تو ایسی حالت میں داخلی مسافر کو ٹکٹ کی مکمل قیمت یا باقی ماندہ قیمت بمعہ 100فیصد معاوضہ حاصل کرنے کا استحقاق ہوگا۔ انہوں نے یہ چشم کشا معلومات ” شہری ہوابازی کے محکمے کے یہاں مسافروں کے حقوق و فرائض“ کے موضوع پر خصوصی پروگرام میں بیان کئے۔ الیمانی نے کہا کہ فضائی کمپنی کا فرض ہے کہ وہ ٹکٹ خریدتے وقت مسافر کو تمام قوانین و ضوابط سے متعلق معلومات صاف شفاف طریقے سے بتائے۔ مسافرکا بھی فرض ہے کہ وہ ٹکٹ خریدنے سے قبل تمام شرائط و ضوابط کا دھیان سے مطالعہ کرلے۔ الیمانی نے مشورہ دیا کہ ٹکٹ بک کراتے وقت نجی معلومات درج کراکر ان پر نظر ڈالنا ضروری ہے تاکہ کسی غلطی کا امکان باقی نہ رہے۔ معلومات میں ترمیم پر جرمانہ ہے۔ طیارے پر سوار ہونے سے قبل قیمتی اشیاءکا اقرار نامہ بھی جمع کرادینا چاہئے۔ اسکا باقاعدہ فارم ہے۔ اسے پُر کردیا جائے۔ سامان گم ہونے کی صورت میں معاوضے کا حصول یقینی ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ اگر سامان تلف ہوجائے یا گم ہوجائے تو ایسی صورت میں مسافر کو مقررہ قواعد و ضوابط کے مطابق معاوضہ ملے گا۔ حق تلفی کی حالت میں مسافر ٹول فری 8001168888 پر رابطہ کرسکتا ہے۔

شیئر: