قصیم ریجن کی قدیم روایت ’العقیلات‘ کیا ہے؟
گورنر قصیم شہزادہ ڈاکٹر فیصل بن مشعل نے علاقے کی قدیم روایت کے تحت ’العقیلات ٹوئر‘ بریدہ کے قدیم بازارالجردہ سے روانہ کیا۔
العقیلات کی قیادت عبداللطیف الوھیبی کر رہے ہیں جو الجردہ مارکیٹ سے حائل ریجن تک جائیں گے۔ ماضی میں تاجروں کے مخصوص قافلے کو العقیلات کہا جاتا تھا۔
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق قصیم ریجن کی قدیم تاریخی روایت ’العقیلات‘ کو زندہ کرتے ہوئے کاررواں تشکیل دیا گیا ہے جس کا مقصد علاقے کے سماجی و معاشی کردار کو اجاگر کرنا ہے۔

اس موقع پر گورنر قصیم نے کہا کہ ’العقیلات ٹوئر کا مقصد قدیم تاریخ و ثقافت کی نمائندگی کرنا ہے جو مملکت اور علاقے کی قدیم ثقافت کی بھی عکاسی کرتا ہے۔‘
ماضی میں العقیلات کو جد وجہد اور تجارت کی علامت کے طور پر جانا جاتا تھا جو عہدِ رفتہ میں معاشی اور سماجی تعلقات کی تعمیر میں انتہائی اہم تصور کیے جاتے تھے۔

گورنر قصیم نے مزید کہا کہ ’عقیلات کا سفر ہمارے آبا و اجداد کی تاریخ کو یاد دلاتا ہے جو ماضی میں رزق کی تلاش اور خطوں کے درمیان رابطے کے پل کا کام کرتے تھے جو ہمت، صبر اور دانشمندی کا عکاس ہے۔‘
دوسری جانب کارواں کے قائد عبداللطیف الوھیبی نے گورنر قصیم کی جانب سے حوصلہ افزائی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے یقین دہانی کی کہ سفر کا مقصد عقیلات اور علاقے کی تاریخ کو اجاگر کرتے ہوئے ماضی کی راہوں کو اس دور میں دوبارہ زندہ کرنا ہے۔
