پاکستان میں ’انتہا پسند سوچ‘ کی اصلاح کے لیے ’ادماج‘ انیشیٹیو کا آغاز
دہشتگردی کے خلاف اسلامی فوجی اتحاد نے پاکستان میں ’انتہا پسند سوچ‘ کی اصلاح کے لیے فکری پروگرام کے تحت ’ادماج‘ انیشیٹیو لانچ کیا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق اسلام آباد میں منعقدہ تقریب میں پاکستانی وزیر دفاع خواجہ آصف اور اسلامی فوجی اتحاد کے سیکریٹری جنرل میجر جنرل محمد المغیدی اور عسکری و سکیورٹی شعبے کے اعلٰی حکام و سفارتکار شریک تھے۔
اسلامی فوجی اتحاد کے سیکریٹری جنرل نے کہا ’ادماج‘ انیشیٹیو فکری میدان میں بنیادی ستون کی نمائندگی کرتا ہے جو انتہا پسندانہ نظریات کے خلاف دفاع کی فرنٹ لائن بھی ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’دہشتگردی سے نمٹنے کے لیے محض عسکری یا سکیورٹی پہلو ہی نہیں بلکہ ایک مضبوط و مربوط فکری و سماجی نقطہ نظر کی ضرورت ہے۔‘
محمد المغیدی نے کہا کہ ’اس کا مقصد دہشتگردی میں ملوث افراد کے لیے از سرنو خوشگوار مستقبل کی راہیں ہموار کرتے ہوئے انہیں فکری، نفسیاتی اور سماجی طور پر انتہا پسند و دہشتگرد گروہوں کے چنگل سے نجات دلا کر انہیں خاندان اور معاشرے کا مفید فرد بنانا ہے جو مختلف انسانی شعبوں میں کام کرتے ہوئے اپنے وطن کی خدمت کریں۔‘

پاکستانی وزیر دفاع خواجہ آصف نے اپنے خطاب میں اسلامی فوجی اتحاد کے کاوشوں کو سراہتے ہوئے اس بات کا یقین دلایا کہ پاکستان کی جانب سے ’ادماج‘ انیشیٹیو کی میزبانی بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینے اور فکری بحالی کے تبادلہ کے عزم کی عکاس ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’یہ اقدام انتہا پسندی سے نمٹنے کے لیے ایک جامع نقطہ نظر ہے جو سلامتی و سماجی جہتوں کو یکجا اور پائیدار سلامتی اور استحکام کے حصول کے حوالے سے موثرطریقہ ہے۔‘
واضح رہے ادماج اقدام کا آغاز اسلامی فوجی اتحاد کی جانب سے کیا گیا جو چار زمروں کا احاطہ کرتا ہے جن میں فکری اقدامات، میڈیا، دہشتگردی کی مالی معاونت کا خاتمہ اور عسکری طریقے شامل ہیں۔
