Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

90سالہ پڑ دادی کی13ہزار فٹ سے اسکائی ڈائیونگ

لندن.... کہتے ہیں کہ عزم و حوصلہ ساتھ دیتا رہے تو عمر اور سن و سال کی بندش کسی بھی کام میں حائل نہیں ہوتی اور ایسا ہی کچھ یہاں ایک 90سالہ بڑی بی نے اپنی سالگرہ کے دن کر دکھایا ہے۔ لندن کی رہنے والی ایمی کک پڑ دادی ہیں اور عرصہ سے مہم جوئی کا شوق دل میں پالے بیٹھی ہوئی تھیں۔ خاتون کا کہناہے کہ وہ ہمیشہ کچھ نیا اور جراتمندانہ کام کرنا چاہتی تھیں مگر انکے شوہر کو یہ مہم جوئی اور خطرات سے کھیلنے کی عادت بالکل پسند نہیں تھی تاہم انکے دل سے یہ شوق کبھی کم نہ ہوا کہ وہ کوئی کارنامہ انجام دیں جسے دنیا یادرکھے آخر کار کچھ دن قبل جب انکے پوتے نے اسکائی ڈائیونگ کا مظاہرہ کیا تو انہیں خیال آیا کہ ان کےلئے اب آخری موقع ہے کہ وہ بھی ایسا کارنامہ انجام دیں جو ہمیشہ یادرکھا جائے۔ اس کے بعد انکی زندگی شاید انکا ساتھ نہ دے اور وہ اپنا خواب دل میں لئے رخصت ہوجائیں چنانچہ انہوں نے پیراشوٹ جمپنگ کا پروگرام بنایا اور 13ہزار فٹ کی بلندی سے اسکائی ڈائیو کرکے دکھادیا۔ پیراشوٹ کی مدد سے چھلانگ لگانے والی خاتون کا ارادہ یہ تھا کہ وہ سرطان کے مریضوں کیلئے فلاحی کام کرنے والے کسی ادارے کیلئے کچھ رقم جمع کرلیں۔ انکا ابتدائی ہدف صرف 500پونڈ تھا مگر جب انہوں نے یہ کارنامہ انجام دیدیا تو پتہ چلا کہ وہ 2ہزار پونڈ سے زیادہ کی رقم جمع کرچکی ہیں۔ 90سالہ خاتون نے اپنی 90ویں سالگرہ 8اگست کو منائی تھیں اور دوسرے دن ہی یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔ انکا کہناہے کہ سب کچھ ٹھیک ٹھاک رہا۔ جب پیرا شوٹ جمپنگ کے دوران انہیں کسی نے ٹوکا کہ آپ نے جو بتیسی لگا رکھی ہے وہ بری لگ رہی ہے اور اگر اس کے ساتھ چھلانگ لگائی تو یہ بتیسیاں زمین اور آسمان کے بیچ کہیں غائب ہوجائیں گی۔ بعدازاں خاتون کو بتیسی نکال دینا پڑی۔ انہوں نے یہ مظاہرہ سالسبری میں کیا۔ 8بچوں کی دادی ایمی نے بتایا کہ انہیں یہ یقین نہیں آرہا کہ وہ یہ کارنامہ انجام دے چکی ہیں۔ ان کے پوتے اور دوسرے لوگ بھی بیحد پرجوش ہیں۔

شیئر: