Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کیل دل میں گھسنے کے باوجود زندہ کیسے رہا؟

 میرینیٹ ، وسکانسن ...... 2باتیں انسانی زندگی میں ضرور پیش آتی ہیں،یعنی جہاں آپ کا عزم و حوصلہ کام دیتا ہے وہیں قدرت کی مہربانی بھی آپ پر کرم فرما رہتی ہے اوران حالات میں آپ محفوظ اور مامون رہتے ہیں۔ ایسا ہی کچھ یہاں رہنے والے 52 سالہ شخص ڈوگ برگیسن کے ساتھ ہوا۔ جب وہ ایک نیل گن سے کام کررہا تھا اور اتفاقاً گن کا ٹریگر دبا اور اس سے نکلنے والی ساڑھے 3انچ لمبی کیل سینے سے ہوتی ہوئی دل میں جاگھسی۔ یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب وہ اپنے مکان میں ایک آتشدان بنانے کیلئے اسکا فریم تیار کررہا تھا۔ کیل لگنے کے بعدچند منٹوں تک اسے احساس نہیں ہوا کہ اس کے ساتھ کتنا بڑا حادثہ پیش آچکا ہے مگر دل میں تکلیف کی وجہ سے اسے احساس ہوا کہ شاید اس کے دل میں چوٹ لگی ہے مگر اس وقت بھی وہ یہ نہیں سمجھ سکا تھا کہ اتنی لمبی کیل دل میں جاگھسی ہے اور کوئی ہوتا تو اس حادثے کا احساس ہوتے ہی حواس باختہ ہوجاتا مگر اس بہادر شخص نے نہ صرف اپنے حواس بحال رکھے بلکہ 12میل تک ڈرائیونگ کرکے اسپتال پہنچا جہاں اسے فوری طبی امداد ملنے پر جان بچ گئی۔ اسپتال کے عملے نے جب اس کا معائنہ کیا او رایکسرے کیا تو پتہ چلا کہ اسے فوری طور پر اوپن ہارٹ سرجری کی ضرورت ہے۔ کیل تو باہر سے بھی نکالی جاسکتی مگر سرجن یہ دیکھنا چاہتے تھے کہ دل کے قریبی علاقے میں اسکا کیا منفی ردعمل ہوا ہے۔ اب ڈاکٹروں کا کہناہے کہ یہ شخص خوش قسمت تھا جس نے ہمت کے ساتھ بروقت فیصلہ بھی کیا۔اس کی سرجری کرنے والے ڈاکٹر الیگزینڈر روئسٹین نے کہا کہ بالعموم ایسے حادثات میں ہزار افراد میں سے کوئی ایک بچ پاتا ہے۔ ڈاکٹروں نے کامیاب آپریشن کے بعد اسے مبارکباد دی تاہم ڈوگ کا کہناہے کہ وہ اب بھی کوئی دوا نہیں لے رہا مگر ڈاکٹرو ںنے اسے 20پاﺅنڈ سے زیادہ وزن اٹھانے سے منع کردیا ہے۔

شیئر: