Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یو ایس اوپن :ایک اور اپ سیٹ،دفاعی چیمپیئن اینجلک کربر بھی ہار گئیں

نیویارک: سال کے آخری گرینڈ سلام ٹورنامنٹ یو ایس اوپن میں اپ سیٹس کا سلسلہ جاری ہے اور دفاعی چیمپیئن اینجلک کربرجاپانی کھلاڑی نومی اوساکا سے شکست کھا کر ٹورنامنٹ سے آوٹ ہو گئیں جبکہ انہیں اس ناکامی کے نتیجے میں ٹاپ 10 کھلاڑیوں کی فہرست سے بھی باہر ہو نا پڑا ہے۔ دوسری جانب مینز سنگلز مقابلوں میں راجر فیڈرر اور رافیل نڈال نے کامیابی سے ٹورنامنٹ کا آغاز کرتے ہوئے سیمی فائنل میں ایک دوسرے کے آمنے سامنے ہو نے کے امکانات میںاضافہ کردیا ہے۔خواتین سنگلز کی دفاعی چیمپیئن کربر کو جاپانی کھلاڑی نومی اوساکا نے اسٹریٹ سیٹس میں 6-3اور6-1سے ہرایا۔ کربر فرنچ اوپن کے پہلے راونڈ میں بھی ہار گئی تھیں اور یوں انہیں ٹاپ 10 کھلاڑیوں سے باہر ہونا پڑا ۔ادھر راجر فیڈرر نے5 سیٹس کے مقابلے میں امریکی کھلاڑی فرانسس تیافوئے کو شکست دے دی۔36 سالہ ومبلڈن چیمپیئن کو اپنے19سالہ حریف کے خلاف کامیابی کیلئے کافی محنت کرنا پڑی۔ہسپانوی اسٹار اور فرنچ اوپن چیمپیئن رافیل نڈال آسان فتح کے ساتھ دوسرے راونڈ میں پہنچ گئے ۔ انہوں نے سربیا کے ڈوسان لیجووچ کو اسٹریٹ سیٹس میں شکست سے دوچار کیا۔

شیئر: