بلوچستان کے ضلع بارکھان میں پولیس نے رکن صوبائی اسمبلی اور سابق صوبائی وزیر سردار عبدالرحمٰن کھیتران کی رہائش گاہ اور ان کی زمینوں سے تین لاشیں برآمد کرنے کا دعوی کیا ہے۔
پولیس کے مطابق لاشوں کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی ہے اور ان کی شناخت کے لیے ڈی این اے ٹیسٹ کرایا جائے گا۔
دوسری جانب سابق صوبائی وزیر اور ان کے بیٹوں کے خلاف ان کے ایک سابق گن مین کے قتل، اغوا اور غیر قانونی نجی جیل میں رکھنے کے الزام میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں
عبدالرحمان کھیتران نے موجودہ کارروائیوں کو بھی اپنے خلاف سیاسی انتقامی کارروائی قرار دیا ہے۔
ڈی آئی جی کوہِ سلیمان ڈویژن ایاز بلوچ نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے لاشوں کی برآمدگی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ یہ کارروائی سابق صوبائی وزیر کے ایک ملازم کی نشاندہی پر کی گئی تاہم انہوں نے مزید تفصیلات نہیں بتائیں۔
بارکھان پولیس کے مطابق 19 نومبر کو بارکھان اور شمالی ڈیرہ بگٹی کی پولیس نے بارکھان سے تقریبا 40 کلومیٹر دور بغاؤ کے علاقے تومنی میں کارروائی کرتے ہوئے ایک قبرستان سے دو پرانی لاشیں برآمد کیں۔
اس کے اگلے روز 20 نومبر کو پولیس نے بارکھان شہر کے قریب حاجی کوٹ میں واقع سردار عبدالرحمٰن کھیتران کی قلعہ نما رہائش گاہ میں کارروائی کی۔
ایس پی بارکھان عبدالحق نے سابق صوبائی وزیر کے قلعہ سے کھدائی کے دوران لاش برآمدگی کی تصدیق کی تاہم مزید تفصیلات بتانے سے گریز کیا۔
بارکھان پولیس کے ایک افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اردو نیوز کو بتایا کہ کارروائی کے دوران سابق صوبائی وزیر کے چار گن مینوں کو حراست میں لیا گیا اور ان کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا۔
انہوں نے بتایا کہ پولیس نے یہ کارروائی سابق صوبائی وزیر کے زمینوں کے معاملات دیکھنے والے ملازم ثنا اللہ کی نشاندہی پر کی جنہیں چند روز قبل گرفتار کیا گیا تھا۔
مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ بغاؤ میں ہونے والی کارروائی میں پولیس کے ساتھ بگٹی امن فورس کے لوگ بھی موجود تھے جو بارکھان سے ملحقہ وزیراعلی سرفراز بگٹی کے آبائی ضلع شمالی ڈیرہ بگٹی سے آئے تھے۔
تاہم پولیس نے اس نجی ملیشیا کی کارروائی میں شرکت کے بارے میں باضابطہ طور پر کچھ نہیں بتایا۔
پولیس کے مطابق تینوں لاشیں پرانی ہیں اور انہیں شناخت کے لیے کوئٹہ منتقل کردیا گیا ہے۔
سول ہسپتال کوئٹہ کے پولیس سرجن آفس کے ایک اہلکار نےبتایا کہ بارکھان سے دو لاشیں ہسپتال لائی گئی ہیں جو کئی مہینے پرانی ہونے کے باعث ڈھانچہ بن چکی ہیں اور ناقابل شناخت ہیں۔ شناخت کے لیے ڈی این اے نمونے لے لیے گئے ہیں۔
ان کے بقول لاشیں لانے والے اہلکاروں نے بتایا کہ یہ لاشیں ایک مرد اور خاتون کی ہیں جن کے نام صاحب دین بگٹی اور لالئی ہیں تاہم ہمیں کوئی شناختی دستاویز نہیں دیئے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈی این اے ٹیسٹ اور دیگر قانونی کارروائی کے بعد ہی لاشوں کی حتمی شناخت ممکن ہو سکے گی۔

گن مین کے قتل اور اغوا کا مقدمہ
ادھر بارکھان پولیس تھانے میں لاشوں کی برآمدگی سے قبل 18 نومبر کو رکن بلوچستان اسمبلی سردار عبدالرحمان کھیتران اور دیگر افراد کے خلاف مقدمہ بھی درج کیا گیا۔
پولیس کے مطابق مقدمہ سردار عبدالرحمان کھیتران کے سابق گن مین صاحب دین بگٹی کے والد پیارا خان بگٹی کی مدعیت میں درج کیا گیا۔
ایف آئی آر کے مطابق پیارا خان بگٹی نے پولیس کو بیان دیا کہ تقریباً چھ سے سات سال قبل ڈیرہ بگٹی کے علاقے سوئی سے کام کی غرض سے حاجی کوٹ منتقل ہوئے تھے جہاں ان کے دونوں بیٹے صاحب دین اور قمر دین سردار عبدالرحمان کھیتران کے ہاں گن مین کے طور پر کام کرتے تھے۔
مدعی نے ایف آئی آر میں الزام عائد کیا ہے کہ تقریباً چار سال قبل سردار عبدالرحمان کھیتران کے حکم پر ان کے ملازمین ثنا اللہ عرف غنی، صنت اللہ اور ملک جبکہ سردار کھیتران کے بیٹے اسلام شاہ اور عبدالرؤف دونوں بھائیوں کو اغوا کرکے حاجی کوٹ میں قائم ایک مبینہ نجی جیل میں لے گئے۔
ایف آئی آر کے مطابق مدعی نے اپنے بیٹوں کی رہائی کے لیے کوشش کی تو انہیں دھمکیاں دی گئیں اور وہ اس وقت خوف کی وجہ سے سے مقدمہ درج نہیں کرا سکے۔
مدعی کا کہنا ہے کہ تقریباً ایک سال قبل قمر دین کو رہا کر دیا گیا جبکہ بعد میں انہیں لوگوں کی زبانی اور میڈیا کے ذریعے معلوم ہوا کہ ان کے بیٹے صاحب دین کو قتل کر دیا گیا ہے۔
مقدمے میں تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 302، 342، 343، 364، 365، 368، 506 اور 34 شامل کی گئی ہیں۔
یہ دفعات قتل، غیر قانونی قید اور طویل حبسِ بے جا، قتل کی نیت یا خفیہ قید کے لیے اغوا، جان سے مارنے کی دھمکی دینے اور مشترکہ نیت سے جرم کرنے سے متعلق ہیں۔
صاحب دین کے چھوٹے بھائی قمر دین نے اردو نیوز کو بتایا کہ وہ اور ان کے بھائی بچپن سے والد کے ساتھ سردار عبدالرحمٰن کھیتران کے گھر کام کرتے تھے۔ بعد میں دونوں بھائی ان کے اور ان کے بیٹوں کے گن مین بن گئے۔
قمر دین نے الزام لگایا کہ تقریباً چار سال قبل عبدالرحمان کھیتران کے ایک مزارع نے صاحب دین پر ایک خاتون کے ساتھ ناجائز تعلقات کا الزام لگایا جس کے بعد ان کے والد اور دونوں بھائیوں کو غیر قانونی طور پر حراست میں لیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ والد کو چند روز بعد رہا کر دیا گیا لیکن انہیں تقریباً تین سال تک نجی جیل میں رکھا گیا اور ایک سال قبل رہائی ملی۔
قمر دین نے بتایا کہ ان کے بھائی صاحب دین گزشتہ چار سال سے لاپتہ ہیں اور اہلِ خانہ کو خدشہ ہے کہ انہیں قتل کر دیا گیا ہے۔ ان کے مطابق دھمکیوں کے خوف سے خاندان پہلے مقدمہ درج نہیں کرا سکا۔
تاہم پولیس نے اب تک یہ تصدیق نہیں کی کہ بارکھان سے برآمد ہونے والی تین لاشوں میں سے کوئی صاحب دین بگٹی کی ہے۔













