یمن میں آئینی حکومت کی بحالی کے لیے سرگرم سعودی قیادت میں اتحادی افواج نے کہا ہے کہ سعودی فضائی دفاع نے سنیچر کی علی الصبح یمن کی حوثی ملیشیا کی جانب سے ریاض کی طرف داغے گئے تین بیلسٹک میزائلوں کو فضا میں ہی روک کر تباہ کر دیا۔
یہ کارروائی ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب مملکت کو میزائل اور ڈرون حملوں کی ایک نئی لہر کا سامنا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق اتحادی افواج کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر رات دو بجے کے کچھ ہی دیر بعد میزائل تباہ کیے جانے کا اعلان کیا۔
مزید پڑھیں
-
’حوثی امن کے لیے خطرہ‘ سعودی عرب کی ریاض پر حملوں کی شدید مذمتNode ID: 910581
اس سے قبل سول ڈیفنس نے رات ایک بج کر 53 منٹ پر ریاض کے شہریوں کو ’فضائی خطرے‘ سے خبردار کرنے کے لیے الرٹ جاری کیا تھا۔
عینی شاہدین کے مطابق دارالحکومت میں دو دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں جس کے بعد شہری دفاع نے خطرہ ٹل جانے کا اعلان کرتے ہوئے الرٹ ختم کر دیا۔
دوسری جانب حوثیوں نے ایکس پر جاری بیان میں کہا ہے کہ وہ ریاض سمیت سعودی عرب بھر میں مختلف اہداف کو نشانہ بنا رہے ہیں۔
شہری دفاع نے ریاض کے جنوب میں واقع السلیل گورنریٹ اور یمن کی سرحد کے قریب نجران میں بھی پیشگی وارننگ کے الرٹس جاری کیے۔
اتحادی افواج کے مطابق یہ تازہ حملہ جمعے کی شام جازان کے علاقے کی طرف داغے گئے ان دو بیلسٹک میزائلوں کے بعد کیا گیا جنہیں سعودی فضائی دفاع نے فضا میں ہی ناکارہ بنا کر تباہ کر دیا تھا۔ اس کارروائی کے دوران میزائلوں کا ملبہ الشقیق کے علاقے میں گرا، جس کے بعد حکام فوری طور پر جائے وقوعہ کی جانب روانہ ہو گئے۔
مملکت بھر میں حملوں کے تسلسل کے پیش نظر جازان ریجن اور عسیر ریجن کے شہر خمیس مشیط میں بھی شہری دفاع کی جانب سے وارننگز جاری کی گئیں۔
اس سے قبل جمعے کو ترکی المالکی نے بتایا تھا کہ اتحادی افواج نے صنعا میں حوثی ملیشیا کے ایک مرکزی سپلائی ڈپو کو نشانہ بنایا ہے۔
اتحادی افواج کے ایک گزشتہ اعلان کے مطابق جمعے کو سعودی فضائی دفاع نے پانچ ڈرونز اور تین بیلسٹک میزائل تباہ کیے تھے، جن میں جازان کی طرف داغے گئے دو میزائل بھی شامل تھے۔ مملکت کے جنوبی علاقے میں چار ڈرونز اور ایک دیگر بیلسٹک میزائل کو فضا میں ہی تباہ کیا گیا، جبکہ ریاض ریجن کی فضا میں ایک ڈرون مار گرایا گیا۔
یہ حملے ایک ایسے وقت میں ہوئے ہیں جب ایک روز قبل ہی حوثیوں کے حملے میں ریاض کے کنگ عبداللہ فنانشل ڈسٹرکٹ کے ایک ٹاور کی متعدد منزلوں اور قریبی عمارتوں کو نقصان پہنچا تھا۔
سعودی شہری دفاع کے مطابق اس واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
سعودی عرب نے شہری اور اقتصادی تنصیبات کو نشانہ بنانے کی مذمت کی ہے۔
سعودی وزارت خارجہ نے خبردار کیا کہ حوثی حملے علاقائی اور بین الاقوامی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں، اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ مملکت کو اپنی خودمختاری کے دفاع اور اپنے شہریوں، مقیم غیر ملکیوں اور قومی اثاثوں کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کرنے کا پورا حق حاصل ہے۔
پاکستان سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہے: وزیراعظم پاکستان شہباز شریف
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے اس حوالے سے اپنے بیان میں کہا ہے کہ میں ریاض کے کنگ عبداللہ فنانشل ڈسٹرکٹ پر حوثی حملے کی شدید مذمت کرتا ہوں۔ شہری انفراسٹرکچر اور اقتصادی تنصیبات کو نشانہ بنانے والی اس طرح کی جارحیت مکمل طور پر ناقابل قبول ہے اور علاقائی امن و استحکام کے لیے خطرہ ہے۔
I strongly condemn the Houthi attack on the King Abdullah Financial District in Riyadh. Such acts of reckless aggression, targeting civilian infrastructure and economic facilities, are totally unacceptable and threaten regional peace and stability. Pakistan stands in unwavering solidarity with our brotherly Kingdom of Saudi Arabia and its people. We fully support the Kingdom’s right to defend its sovereignty and territorial integrity and to protect its citizens and residents. We will continue to support all efforts for lasting peace and stability in the region.
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) November 21, 2026












