Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی سی بی کے نئے سینٹرل کنٹریکٹس: رضوان، شان مسعود اور صائم ایوب سمیت 12 کھلاڑی باہر

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سنیچر کو 27-2026 کے سیزن کے لیے 38 کھلاڑیوں پر مشتمل نئے سینٹرل کنٹریکٹس کا اعلان کر دیا ہے، جس میں بڑی تبدیلی کرتے ہوئے سابق کپتانوں محمد رضوان اور شان مسعود سمیت 12 کھلاڑیوں کو فہرست سے باہر کر دیا گیا ہے۔
کنٹریکٹس سے محروم ہونے والے دیگر نمایاں کھلاڑیوں میں وائٹ بال کے ماہر بلے باز صائم ایوب، سپنر نعمان علی اور فاسٹ بولر حسن علی بھی شامل ہیں۔
دوسری جانب ٹیسٹ کپتان بابر اعظم اور حال ہی میں ٹی20 کی کپتانی سے ہٹائے جانے والے سلمان آغا کو سب سے اعلیٰ کیٹیگری میں برقرار رکھا گیا ہے۔
نئے سینٹرل کنٹریکٹس کا اطلاق یکم جولائی 2026 سے 30 جون 2027 تک ہوگا۔ پاکستانی کھلاڑی رواں سال جون میں گزشتہ معاہدوں کی مدت ختم ہونے کے بعد سے نئی فہرست کے منتظر تھے۔
’مخصوص فارمیٹ پر توجہ مرکوز کرنے کے لیے نیا نظام‘
یہ اعلان راولپنڈی میں سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں فتح اور دو سال بعد پہلی ٹیسٹ سیریز جیتنے کے ایک روز بعد سامنے آیا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی سلیکٹر عاقب جاوید نے اس فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ نئے کھلاڑیوں کو مواقع دیے جا رہے ہیں اور معاہدوں کا نیا ڈھانچہ اس طرح ترتیب دیا گیا ہے کہ کھلاڑی اپنی مخصوص طرز کی کرکٹ پر توجہ مرکوز کر سکیں۔
عاقب جاوید کے مطابق نئی درجہ بندی کو مختلف فارمیٹس کے حساب سے تقسیم کیا گیا ہے:
’اے بی‘ کیٹیگری: ٹیسٹ اور ون ڈے دونوں فارمیٹس کھیلنے والے کھلاڑیوں کے لیے
’اے‘ کیٹیگری: صرف ٹیسٹ کرکٹ کے مخصوص کھلاڑیوں کے لیے
’بی سی‘ کیٹیگری: ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کھلاڑیوں کے لیے
’سی‘ کیٹیگری: صرف ٹی ٹوئنٹی کے ماہر کھلاڑیوں کے لیے
’ڈی‘ کیٹیگری: ابھرتے ہوئے نئے کھلاڑیوں کے لیے
ٹیسٹ کرکٹ میں جاری اکھاڑ پچھاڑ کا تسلسل
سینٹرل کنٹریکٹس میں یہ بڑی تبدیلیاں پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم میں جاری وسیع تر ردوبدل کا حصہ ہیں۔ اس سے قبل انگلینڈ کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں 0-3 کی کلین سویپ شکست کے بعد پی سی بی نے سخت اقدامات اٹھاتے ہوئے سات کھلاڑیوں کو وطن واپس بھیج دیا تھا جبکہ ہیڈ کوچ سرفراز احمد کو بھی ان کے عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا۔
بعد ازاں ٹیسٹ کرکٹ میں ٹیم کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے وائٹ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن کو ٹیسٹ ٹیم کی ذمہ داریاں بھی سونپ دی گئی تھیں۔
واضح رہے کہ پاکستان اس وقت 2025 سے 2027 تک جاری آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے پوائنٹس ٹیبل پر نویں اور آخری نمبر پر موجود ہے۔

شیئر: