Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چوتھا ون ڈے: ہندوستان نے سری لنکا کو 168رنز سے عبرتناک شکست

کولمبو( اسپورٹس ڈیسک) ہندوستان نے چوتھے ون ڈے میچ میں سری لنکا کو 168رنز کے واضح فرق سے شکست دیدی۔ 375/5رنز کے جواب میں سری لنکا کی ٹیم 43ویں اوور میں 207رنز پر ہی سمٹ گئی۔ میچ کے انجام نے سری لنکا کو وائٹ واش کا اشارہ دیدیا ہے۔ون ڈے میچوں کی سیریز کے چوتھے میچ میں یہاں کولمبو میں ویرات کوہلی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔مقررہ 50اوورز کے میچ میںشیکھر دھون کے دوسرے ہی اوور میں صرف 4رنز بنا کر آوٹ ہونے کے بعد ہندوستانی کپتان ویرات کوہلی(131 رنز) نے روہت شرما (104رنز)کے ساتھ مل کر سری لنکن بولر ز کو چھٹی کا دودھ یاد دلا دیا۔دونوں نے بے رحم اننگز کھیلی اور کولمبو کے میدان پر سری لنکا کے کسی بولر کو خاطر میں نہ لائے۔ منیش پانڈے نے نصف سنچری 50رنز ناٹ آوٹ بنائے جبکہ مہندر سنگھ دھونی 49رنز پر ناٹ آوٹ رہے۔ 5وکٹوں پر 375رنز بنا کر جیت کا بگل بجا دیا تھا۔ اینجلو میتھیو نے 2وکٹیں حاصل کیں۔ سری لنکن ٹیم376رنز کے ہدف کیلئے میدان میں اتری تو ان کے عزائم جیتنے کے نہیں لگ رہے تھے۔ 16ویں اوور میں 68رنز پر 4کھلاڑی واپس پویلین لوٹ چکے تھے۔ جس کے بعد فتح کی روشنی ان سے مزید دور ہوتی گئی۔ مڈل آرڈر بلے باز انجیلو میتھو نے محتاط بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نصف سنچری اسکور کی ۔ انہوںنے 70رنز بنائے۔ملیندا سری وردھنانے 39رنز بنا کر ان کا ساتھ دینے کی کوشش کی مگر اس کے علاوہ کوئی کھلاڑی جیت کا لمبا سفر طے کرنے کا ارادہ نہیں رکھتا تھا۔43ویں اوور میں ہی پوری ٹیم صرف 207رنز بنا کر ہمت ہار گئی۔ جسپرت بمرا،ہردیک پانڈیا اور کلدیپ یادو نے 2،2کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ہندوستان نے 168رنز کے بڑے فرق سے میچ جیت لیا۔ ویرات کوہلی کو کیریئر کی 29سنچری بنانے پر مین آف دی میچ کا اعزاز دیا گیا۔انہوں نے جے سوریا کا ون ڈے میں28سنچریوں کا ریکارڈ بھی توڑ دیا اب وہ رکی پونٹنگ کی 30سنچریوں کے ریکارڈ کے بعدزیادہ سنچریاں بنانے والے تیسرے بلے باز بن گئے ہیں۔ ون ڈے میں 49 سنچریاں بنا کر سچن ٹنڈولکر بدستور پہلے نمبر پرہیں۔سیریز کا پانچواں اورآخری ون ڈے 3ستمبر کو کھیلا جائے گا جبکہ 6ستمبر کو دونوں ٹیمیں ٹی ٹوئنٹی کیلئے آمنے سامنے ہوں گی۔واضح رہے کہ ہندوستان 3ٹیسٹ کی سیریز میں سری لنکا کو وائٹ واش شکست سے دوچار کر چکا ہے۔
 

شیئر: