بلغراد میں ملنے والا دوسری عالمی جنگ کا 470 کلوگرام بم ’محفوظ طریقے سے منتقل‘
اتوار 28 دسمبر 2025 14:35
بم کو بلغراد سے 180 کلومیٹر دور فوج کے ہتھیاروں کے تربیتی میدان میں پہنچایا گیا۔ فوٹو: اے ایف پی
سربیا کے دارالحکومت بلغراد میں کھدائی کے دوران ملنے والے دوسرے عالمی جنگ کے 470 کلوگرام وزنی بم کو محفوظ طریقے سے منتقل کر دیا گیا ہے۔
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق بلغراد پولیس نے بتایا کہ 470 کلوگرام (1,000 پاؤنڈ) وزنی بم جو دوسری عالمی جنگ کے دوران امریکی فوج نے فضا سے گرایا تھا، کو اتوار کے روز سربیا کے دارالحکومت کے ایک مرکزی ضلع میں تعمیراتی مقام سے بحفاظت ہٹا دیا گیا۔
امریکی ساختہ اے این۔ M44 بم 1944 میں نازیوں کے قبضے سے بلغراد کو آزاد کرنے کی کوششوں کے دوران جرمن ٹھکانوں پر اتحادیوں کے فضائی حملوں کے دوران گرایا گیا تھا۔
پولیس نے بتایا کہ بم کو ہٹانے سے پہلے علاقے کو محفوظ بنانے کے لیے مکمل منصوبہ بندی کی گئی۔
یہ ایک تعمیراتی سائٹ تھی جہاں کھدائی کے دوران اس بم کی نشاندہی ہوئی۔ اردگرد رہائشی علاقے اور ایک شاپنگ مال واقع ہے۔ پولیس کے مطابق بم کی ’محفوظ منتقلی کو یقینی بنانے کے لیے‘ طریقہ کار اپنایا گیا۔
علاقے کے رہائشیوں کو یہ بھی کہا گیا تھا کہ وہ گاڑیاں ہٹا دیں اور اگر ممکن ہو تو اپنے گھر خالی کر دیں۔
بم کو بلغراد سے 180 کلومیٹر دور فوج کے ہتھیاروں کے تربیتی میدان میں پہنچایا گیا جہاں اسے آنے والے دنوں میں تباہ کر دیا جائے گا۔
حالیہ برسوں میں سربیا میں ماضی کی جنگوں کے دوران گرائے گئے کئی نہ پھٹنے والے بم ملے ہیں، جن میں سے سبھی کو بغیر کسی دھماکے کے بحفاظت ہٹا دیا گیا تھا۔
ستمبر 2024 میں تقریباً 300 کلوگرام (660 پاؤنڈ) وزنی ایک صدی پرانا توپ کا گولہ بلغراد میں سربیا کی پارلیمنٹ کے قریب ایک تعمیراتی مقام سے ہٹایا گیا تھا۔
اسی طرح رواں سال کے آغاز میں سنہ 1999 میں نیٹو کی بمباری کے دوران گرایا گیا ایک بڑا بم جنوبی سربیا کے شہر نیس میں ملا تھا۔
2021 میں بلغراد کے مضافاتی علاقے میں ایک تعمیراتی مقام سے دوسری جنگ عظیم کا 242 کلوگرام بم ملا تھا جسے محفوظ طریقے سے ٹھکانے لگایا گیا تھا۔
