چین نے اپنی مقامی طور پر تیار کردہ مسافر طیارے سی 919 کے لیے پہلی مرتبہ ایک خاتون پائلٹ کو بطور کپتان (پائلٹ) مقرر کر دیا ہے جو ملک کی ہوابازی کی تاریخ میں ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔
چینی میڈیا کے مطابق خاتون پائلٹ کا نام یو یوئے ہے اور انہیں ’چائنہ سدرن ایئرلائنز‘ کے سی 919 پروگرام میں کپتان کی حیثیت سے تعینات کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں
یو یوئے اس سے قبل بوئنگ 737 طیارہ اُڑا چکی ہیں اور رواں سال سخت اور طویل تربیت کے بعد سی 919 پروگرام کا حصہ بنی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق یویوئے نے سنہ 2015 میں بطور پائلٹ اپنے کیرئیر کا آغاز کیا تھا تاہم اب تک ان کے ریکارڈ میں کوئی غلطی نوٹ نہیں کی گئی ہے۔
یو یوئے نے چین کی ’سول ایوی ایشن فلائٹ یونیورسٹی‘ سے تربیت حاصل کی اور اُن سینئر پائلٹس کے گروپ میں شامل رہیں جنہیں بوئنگ اور ایئربس طیاروں سے منتقل ہو کر سی 919 اُڑانے کے لیے منتخب کیا گیا تھا۔
سی 919 ایک تنگ جسامت (نیرو باڈی) والا مسافر طیارہ ہے جسے چین کی سرکاری کمپنی ’کمرشل ایئرکرافٹ کارپوریشن آف چائنہ‘ نے مقامی سطح پر تیار کیا ہے۔
یہ طیارہ مختصر اور درمیانی فاصلے کی پروازوں کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے اور اسے بوئنگ 737 اور ایئربس A320 کا چینی متبادل سمجھا جاتا ہے۔
سی 919 مئی 2023 میں چین میں کمرشل سروس میں شامل ہوا تھا۔
چین کی تین بڑی سرکاری ایئرلائنز ’چائنہ سدرن‘، ’ایئر چائنہ‘ اور ’چائنہ ایسٹرن‘ اپنے بیڑے میں مزید سی 919 طیارے شامل کر رہی ہیں اور ساتھ ہی پائلٹس کو دوبارہ تربیت بھی دی جا رہی ہے۔
She’s the world’s first female C919 captain pilot, flying with China Southern Airlines! Congratulations!
Only the best of the best can become a C919 captain. She made zero mistakes in her 9-year career. pic.twitter.com/3cEYx9vBsK
— Li Zexin 李泽欣 (@XH_Lee23) December 10, 2025
سی 919 پر منتقل ہونے کے حوالے سے یو یوئے نے بتایا کہ جب ان سے اس پروگرام میں شامل ہونے کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے ایک لمحے کی تاخیر بھی نہیں کی۔
ان کے مطابق ’مجھے جب منتقلی کی پیشکش ہوئی تو میں نے فوراً ہاں کر دی۔‘
یو یوئے نے شنگھائی میں ’کمرشل ایئرکرافٹ کارپوریشن آف چائنہ‘ کے تربیتی مرکز میں کئی ماہ تک تربیت حاصل کی، جس میں کلاس روم لیکچرز کے ساتھ ساتھ فل فلائٹ سمیولیٹر سیشنز بھی شامل تھے۔ اس دوران انہیں انجن فیل ہونے، خراب موسم اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کی عملی مشق بھی کرائی گئی۔
رپورٹ کے مطابق سنہ 2024 میں چین میں کمرشل اور نجی سطح پر خواتین پائلٹس کی تعداد 941 تھی تاہم وہ اب بھی مجموعی پائلٹس کا دو فیصد سے بھی کم حصہ بنتی ہیں۔ اس کے مقابلے میں امریکہ میں سنہ 2023 کے دوران خواتین پائلٹس کی شرح قریباً 9 فیصد رہی۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ہوائی جہازوں کی تیاری کے شعبے میں بھی خواتین اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ چین میں تیار کیے جانے والے طیارے سی929 کی مرکزی ڈیزائنر ژاؤ چون لِنگ ہیں جو اس سے قبل سی 919 منصوبے پر بھی کام کر چکی ہیں۔












