Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ورلڈ الیون سیکیورٹی ، 2رکنی ٹیم لاہور پہنچ گئی

لاہور : ورلڈ الیون کی سیکیورٹی معاملات کا جائزہ لینے 2رکنی غیر ملکی سیکیورٹی ٹیم لاہور پہنچ گئی۔جہاں وہ نہ صرف گراونڈ کا جائزہ لے گی بلکہ پاکستانی کرکٹ بورڈ کے چیئرمین اور دیگر عہدیداروں سے مذاکرات بھی کرے گی۔ پاکستان اور ورلڈ الیون کے درمیان 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کا آغاز 12 ستمبر سے ہورہا ہے اور تینوں میچز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے۔ ورلڈ الیون کی آمد سے قبل 2 رکنی غیرملکی ٹیم سیکیورٹی کا جائزہ لینے مختلف فلائٹس کے ذریعے لاہور پہنچی جبکہ غیرملکی سیکیورٹی ٹیم کو مختلف شعبوں اور اداروں کی جانب سے بریفنگ دی جائے گی۔ورلڈ الیون کے سیکیورٹی منیجر پولیس کے ساتھ مل کر انتظامات کا جائزہ لیں گے۔خیال رہے کہ پاکستان الیون اور ورلڈ الیون کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کو پی سی بی کی جانب سے انڈی پینڈنس کپ کا نام دیا گیا ہے۔جنوبی افریقہ کے کپتان فاف ڈپلوسی کی قیادت میں 14 رکنی ورلڈ الیون ٹیم 11 ستمبر کو پاکستان پہنچے گی جبکہ سرفراز احمد کی قیادت میں پاکستان الیون 7 ستمبر سے قذافی اسٹیڈیم میں پریکٹس شروع کردے گی۔محمد حفیظ اور وہاب ورلڈ الیون کے خلاف قومی ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔ورلڈ الیون کے خلاف قومی اسکواڈ احمد شہزاد، فخر زمان، شعیب ملک، بابر اعظم، عماد وسیم، محمد عامر، فہیم اشرف، حسن علی، رومان رئیس، محمد نواز، عثمان شنواری، شاداب خان، عمر امین، عامر یامین اور سہیل خان پر مشتمل ہے۔فاف ڈپلوسی کی قیادت میں ورلڈ الیون کی ٹیم ہاشم آملہ، عمران طاہر، مورنی مورکل، ڈیوڈ ملر، جارج بیلی، ٹم پین، سیموئل بدری، بین کٹنگ، پال کولنگ وڈ، گرینٹ ایلیٹ، تمیم اقبال اور تھسارا پریرا پر مشتمل ہے۔اس موقع پر غیر معمولی حفاظتی انتظامات کئے گئے تھے۔ بتایا گیا ہے کہ سکیورٹی ٹیم کو بورڈ حکام کی جانب سے سکیورٹی کے حوالے سے ابتدائی طورپر بریفنگ دی گئی ہے جبکہ اس موقع پر غیر ملکی سکیورٹی ٹیم کے اراکین نے اپنے اطمینان کےلئے سوالات بھی کئے ۔ذرائع کے مطابق غیر ملکی سکیورٹی ٹیم کی سیف سٹی اتھارٹی کے ذمہ داران سے بھی ملاقات ہو گی جنہیں ورلڈ الیون کے دورہ پاکستان کے موقع پر سکیورٹی کے حوالے سے تفصیلی آگاہ کیا جائے گا۔سکیورٹی ٹیم اپنے دورہ کے حوالے سے حتمی رپورٹ مرتب کرے گی ۔ بتایا گیا ہے کہ اسی رپورٹ کی روشنی میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم بھی پاکستان کا دورہ کرے گی ۔

شیئر: