پاکستان کے بائیکاٹ پر ہم نے کچھ نہیں کہنا، فیصلہ آئی سی سی کرے گا: نائب صدر انڈین کرکٹ بورڈ
جمعرات 5 فروری 2026 13:38
انڈین کرکٹ بورڈ کے نائب صدر راجیو شکلا نے کہا ہے کہ پاکستان کے انڈیا کے ساتھ میچ کے بائیکاٹ کے فیصلے کے حوالے سے بی سی سی آئی کو کچھ نہیں کہنا ہے اور اس کا فیصلہ آئی سی سی نے کرنا ہے۔
خیال رہے بدھ کی رات کو پاکستان کے وزیراعظم پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا تھا کہ ٹی 20 ورلڈ کپ میں انڈیا کے خلاف گروپ سٹیج میچ نہ کھیلنے کا فیصلہ ’سوچ سمجھ کر‘ کیا گیا ہے اور اس کی وجہ بنگلہ دیش کے ساتھ یکجہتی ظاہر کرنا ہے۔
انڈین خبر رساں ادارے اے این آئی کے مطابق جب کانگریس کے ممبر پارلیمان اور بی سی سی آئی کے نائب صدر راجیو شکلا سے اس حوالے سے پوچھا گیا تو ان کو کہنا تھا کہ ’بی سی سی آئی کو اس پر کچھ نہیں کہنا۔ اس کا فیصلہ آئی سی سی نے کرنا ہے، اور آئی سی سی جو بھی فیصلہ کرے گی ہم اسی کے مطابق چلیں گے۔‘
خیال رہے وزیراعظم پاکستان کے بیان پر بنگلہ دیش کی عبوری حکومت میں کھیلوں کے مشیر ڈاکٹر آصف نزرل بے پاکستان کا شجکریہ ادا کیا تھا۔
بدھ کی شب کابینہ کے اجلاس کے دوران اپنے بیان میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ’ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے حوالے سے ہم نے واضح موقف اختیار کیا ہے کہ ہم انڈیا کے خلاف میچ نہیں کھیلیں گے کیونکہ یہ کھیل کا میدان ہے، سیاست نہیں ہے۔ کھیل کے میدان میں سیاست بالکل نہیں ہونی چاہیے۔‘
شہباز شریف نے کہا تھا کہ پاکستان نے ’سوچ سمجھ کر موقف اختیار کیا ہے اور اس حوالے سے ہمیں بنگلہ دیش کے ساتھ پوری طرح کھڑا ہونا چاہیے۔ میں سمجھتا ہوں کہ یہ مناسب فیصلہ ہے۔‘
اس سے قبل پاکستانی حکومت نے یکم فروری کو ایک ٹویٹ کے ذریعے اپنے اس فیصلے سے آگاہ کیا تھا کہ پاکستانی ٹیم کو ٹی 20 ورلڈ کپ میں شرکت کی اجازت دی گئی ہے مگر 15 فروری کو ’انڈیا کے خلاف میچ نہیں کھیلا جائے گا۔
