Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان اسپورٹس ایسوسی ایشن کویت کا یوم آزادی ٹی 20کرکٹ کپ

پاکستان گرین نے مطلوبہ ہدف 4وکٹوں کے نقصان پرحاصل کرکے یوم آزادی کرکٹ کپ اپنے نام کیا

کویت(محمد عرفان شفیق) پاکستان اسپورٹس ایسوسی ایشن کویت (پی ایس اے)کے زیر اہتمام وطن عزیز پاکستان کی 70ویں یوم آزادی کے موقع پر T20کرکٹ کپ کا انعقادسالمیہ کرکٹ گراؤنڈ میں کیا گیا۔ یوم آزادی کرکٹ میچ پاکستان گرین اور پاکستان وائٹ کے مابین کھیلا گیا۔ پاکستان وائٹ کی قیادت مقبول احمدجبکہ پاکستان گرین کی قیادت تیمور فیاض نے کی۔ پاکستان وائٹ کے کپتان مقبول احمدنے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ اوورز میں 104رنزبنائے۔ پاکستان گرین نے مطلوبہ ہدف 4وکٹوں کے نقصان پرحاصل کرکے یوم آزادی کرکٹ کپ اپنے نام کیا۔ میچ کے بعد تقسیم انعامات کی تقریب ہوئی جس میں پاکستان اسپورٹس ایسوسی ایشن کویت کے بانی و ڈائریکٹر جنرل محمد عرفان عادل، صدر مقبول احمد،نائب صدر محمد یونس شاہد، ایڈوائزر محمد عرفان شفیق، سلمان خاں اور کمیونٹی کی جانی پہچانی شخصیات محمد بلال اورمحمد اشرف ضیاء نے شرکت کی۔ پاکستان گرین کے کپتا ن تیمور فیاض نے وننگ ٹرافی جبکہ پاکستان وائٹ کے کپتان مقبول احمد نے رنر اپ ٹرافی مہمانوں سے وصول کی۔ اس موقع پر محمد عرفان عادل نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ا سپورٹس ایسوسی ایشن کویت نوجوانوں میں کھیلوں اور صحتمندانہ سرگرمیوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کررہی ہے۔ پی ایس اے کے صدر مقبول احمد نے کہا کہ ہم مستقبل میں بھی ایسے ٹورنامنٹس کا انعقاد کرتے رہیں گے۔ نائب صدر محمد یونس شاہد نے کہا کہ دونوں ٹیمیں اپنے معیاری کھیل کی وجہ سے مبارکبادکی مستحق ہیں اور پاکستان گرین کو ٹائٹل جیتنے پر مبارکباد پیش کرتاہوں۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پاکستان اسپورٹس ایسوسی ایشن کویت کے ایڈوائزر محمد عرفان شفیق نے کہا کہ ہم یوم آزادی پاکستان کی مناسبت سے ایسے ٹورنامنٹس کا انعقادکرتے رہیں گے جو وطن سے محبت کے اظہار کا بہترین ذریعہ ہے۔ پی ایس اے کرکٹ کے علاوہ دوسری کھیلوں کے انعقاد میں بھی ایک منفرد مقام رکھتی ہے اور ہم کامیابی کا یہ سفر جاری رکھیں گے۔ کمیونٹی کی معروف شخصیت محمد بلال نے اس موقع پرکہا کہ میں پاکستان اسپورٹس ایسوسی ایشن کویت کو یوم آزادی کرکٹ کپ کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ کویت میں کھیلوں کے میدان آباد کرنے اور صحتمندانہ سرگرمیوں کو فروغ دینے میں پی ایس اے کی خدمات قابل ستائش ہیں۔ تقریب کے آخر میں تمام کھلاڑیوں کو سرٹیفکیٹس دئیے گئے اور تمام کھلاڑیوں، مہمانوں اور پی ایس اے انتظامیہ کا شکریہ ادا کیاگیا۔

شیئر: