Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لندن : چائنا ٹاؤن میں کچرے کے ایک اور انبار کا سراغ

لندن ..... چند دن قبل ہی  شہرکے ایک علاقے میں چربی کے کچرے اور اسی قسم کی چیزوں کاایک بہت بڑا پہاڑ نما انبار دریافت ہوا تھا جسے ہٹانے کی کوششیں شروع کردی گئی تھیں تاہم ابھی یہ کوششیں جاری ہی تھیں کہ اسی قسم کا ایک  اور واقعہ سامنے آیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کچرے وغیرہ کا نیا انبار  چائنا ٹائون کی گٹر لائن سے ملا ہے جو اب سے 165سال پہلے بنائی گئی تھی۔ نئے انبار کا مجموعی وزن 26ٹن بتایا جاتا ہے اور اسکے اندر تیل، چربی ، کچرے اور اسی قسم کی بے شمار استعمال شدہ چیزیں شامل ہیں۔ واضح ہو کہ اس سے قبل جو انبار  ملا تھا وہ 2ڈبل ڈیکر بسوں کے برابر بتایا گیا تھا۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ چائنا ٹاؤن کا علاقہ شہر کے گنجان ترین علاقوں میں شامل ہے اور یہاں کسی سیوریج لائن کو صاف کرنے کیلئے توڑنا بیحد مشکل کام ہے تاہم سول انجینیئروں نے کوئی نہ کوئی راستہ نکالنے کیلئے کام شروع کردیا ہے۔ جن لوگوں نے بھی نیا ’’کچرا پہاڑ‘‘ دیکھا ہے انکا کہنا ہے کہ یہ ہاتھیوں کے تین کنبوں کے برابرہے۔ ٹیمز واٹر سپلائی محکمے کے افسر اسٹورٹ وائٹ کا کہناہے کہ اس نئے کچرے کی وجہ سے چائنا ٹائون کے علاقے میں جال کی طرح پھیلی سیوریج لائن بری طرح متاثر  ہوسکتی ہے اور پھر تمام نالیاں او رنالے یقینی طور پر بند ہوجائیں گے۔شہریوں نے یکے بعد دیگرے کچرے اور غلاظتوں کے اتنے بڑے انبار کی خبر ملنے کے بعد شہر کے بلدیاتی نظام پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور انہیں خطرہ ہے کہ جلد ہی اسی قسم کا ایک اور انبار کسی اور جگہ سے دریافت ہوگا جو یقینی طور پر بلدیاتی عملے کی لاپروائی کے ساتھ شہریوں کی بھی لاپروائی کا نتیجہ ہوگا۔

شیئر: