سعودی عرب میں غذائی جدت کو فروغ دینے کے لیے تجرباتی کچن کا افتتاح
اس انشیٹیو کا مقصد غذا کے شعبے میں تحقیق کو فروغ دینا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کے طباخی آرٹس کمیشن نے کنگ عبدالعزیز یونیورسٹی میں حسیات سے متعلق تجربہ گاہ اور ایک تجرباتی کچن کا افتتاح کیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی ایس پی اے کے مطابق اس انشیٹیو کا مقصد غذا کے شعبے میں تحقیق اور جدت کو بڑھاتے ہوئے اور ’سعودی وژن 2030 ‘ کے اہداف کے عین مطابق سائنسی آئیڈیاز کو عملی حل میں ڈھالنا ہے۔
تجربانی کچن سائنس دانوں اور جدت اور اختراع پسندوں کو انتہائی جدید نوعیت کا ماحول فراہم کرے گا جس میں وہ ایسی غذائی پروڈکٹس تیار کر سکیں گے جن کی کوالٹی اور غذائی قدر بہت بہتر ہوگی۔
اس اقدام سے درسگاہوں اور تحقیقی اداروں کے درمیان تعاون کی فضا میں اضافہ ہوگا اور سائنسی علم کو عملی تجربے کے لیے استعمال کیا جا سکے گا جس سے غذا کے لیے نت نئے طریقے اور پائیدار حل تلاش کیے جائیں گے جن سے قومی معیشت کو تقویت ملے گی۔
حسی تجربہ گاہ میں خصوصی ایریاز ہوں گے جہاں کھانوں کی ترکیبوں کو ٹیسٹ کیا جائے گا، مختلف ڈشوں کو دستاویزی شکل دی جائے گی اور جدید آلات استعمال کر کے حسیاتی تجربات کا تجزیہ کیا جائےگا تاکہ پروڈکٹس کی پیداوار کو بڑھایا جائے۔

اس انشیٹیو سے غذا اور کھانے پکانے کی میراث پر تحقیق کو فروغ ملے گا جس سے شیفس، جدت پسندوں اور سائنس دانوں کے درمیان باہمی تعاون میں اضافہ ہوگا اور وہ ثقافتی طور پر مستند پکوان تیار کر سکیں گے۔
ان سہولتوں کا افتتاح، کمیشن کی اس حکمتِ عملی سے مطابقت رکھتا ہے جس کے تحت قومی ٹیلنٹ کو تلاش کرنا، اختراع پسندی اور پائیداری کو فروغ دینا اور غذا کے شعبے میں مملکت کو ایک رہنما مرکز کے طور پر سامنے لانا ہے۔
