Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہند کی کامیابیوں کا سلسلہ منقطع، آسٹریلیا چوتھا میچ جیت گیا

نئی دہلی:آسٹریلین اوپنرڈیوڈ وارنر کی شاندار سنچری اور ایرون فنچ کے 94رنز کی 231رنز کی ابتدائی پارٹنر شپ کے بعد فاسٹ بولر رچرڈسن کی تباہ کن بولنگ کی بدولت آسٹریلیا نے 21رنز سے میچ جیت کر ہند کی کامیابیوں کا سلسلہ منقطع کر دیا۔10 ون ڈے میچ لگاتار جیت کر نیا ریکارڈبنانے کا ویرات کوہلی کا خواب چکنا چور کر دیا۔5میچوں کی سیریز میں 1-3کی پوزیشن حاصل کر لی۔ 335رنز کے تعاقب میں 8وکٹوں پر 313رنز بنا سکی۔آغاز میں روہت شرما اور اجنکیا رہانے نے نصف سنچریاں بنا کر 106رنز کا مضبوط پلیٹ فارم دیا تو ایسا لگ رہا تھا کہ بنگلور کے چناسوامی اسٹیڈیم کی چھوٹی باونڈر ی والے اس گراونڈ پر ہندوستان کی فتح کا سلسلہ جاری رہے گا لیکن مڈل آرڈر میں کوئی بلے باز بڑے اسکور کو میچ وننگ اننگز میں نہیں بدل سکا اور وقفہ وقفہ سے وکٹیں گرتی رہیں۔ ہندوستان کی پہلی وکٹ اجنکیا رہانے کی گری وہ 66 گیندوں پر 6چوکوں کی مدد سے53رنز بنا کر رچرڈسن کا شکار بنے۔55 گیندوں پر ایک چوکے اور 5چھکوں کی مدد سے65رنز بنا کر روہت بھی رن آوٹ ہوگئے۔ اس وقت ٹیم کا اسکور 135رنز تھا۔ ابھی اسکور میں12رنز کا ہی اضافہ ہوا تھا کہ کپتان کوہلی بھی فاسٹ بولر نائل کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ ہاردیک پانڈیا اور کیدار جادھونے چو تھی وکٹ کی شراکت میں 78رنز بناکر اننگز سنبھالی۔225کے اسکور پر پانڈیا بھی 3چھکوں اور ایک چوکے کے ساتھ41رنز بنا کر آوٹ ہوگئے۔ بعدازاں جادھو 69گیندوں پر 7چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے67رنز بناکر رچرڈسن کا شکار ہو گئے۔جادھوکے آوٹ ہوتے ہی 3رنز بعد ہی منیش بھی واپس چلے گئے۔ مہندر سنگھ دھونی نے بھی ہتھیار ڈال دیئے، وہ 10 گیندوں پر ایک چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے13رنز ہی بنا سکے۔ بدستور وکٹیں گرنے سے ہدف دور ہوتا گیا اور ہندوستانی ٹیم مقررہ 50اوورز میں 8 وکٹوں پر 313 رنز بناسکی۔ رچرڈسن 58رنز کے عوض 3وکٹ لے کر سب سے کامیاب بولر رہے۔وارنر کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔قبل ازیں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے افتتاحی بلے باز ڈیوڈ وارنر کی طوفانی سنچری اور ان کی ایرون فنچ کے ساتھ اوپننگ وکٹ کے لئے 231 رن کی زبردست شراکت کی بدولت 5وکٹ کے نقصان پر334 رنز کا ایک بڑا اسکور بنا نے میں ٹیم کی مدد کی۔ وارنر نے سنچری مکمل کرتے ہی 100ویں میچ میں سنچری بنانے والے پہلے آسٹریلوی اور دنیا کے آٹھویں بلے باز ہونے کااعزاز پالیا۔ وارنر کے کیریئر کی یہ 14 ویں سنچری تھی۔ 30 سالہ وارنر نے 119 گیندوں میں 124 رنز کی اننگز میں 12 چوکے اور 4چھکے لگائے۔ انہوں نے 35 اوورز میں پہلی وکٹ کیلئے فنچ کا ساتھ دیا۔فنچ بدقسمتی سے صرف 6 رنز سے اپنی مسلسل دوسری سنچری نہ بنا سکے۔ ان کی اننگز میں 10 چوکے اور 3چھکے شامل ہیں۔امیش نے 71 رن پر4وکٹیں لیں لیکن شامی 62 اور پٹیل 66 رنز دے کر کوئی وکٹ حاصل نہیں کر پائے۔ لیگ اسپنریجویندر چہل بھی 8اوور میں 54 رن دے کر کوئی وکٹ نہیں لے سکے۔پارٹ ٹائم آف اسپنر کیدار جادھو نے 7اوور میں 38 رنز کے عوض ایک وکٹ حاصل کی۔ 
 

شیئر: