Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ثنا میر آوٹ ، بسمہ معروف نئی کپتان مقرر

لاہور:پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی)نے ثنا میر کو پاکستان کی خواتین کرکٹ ٹیم کی قیادت سے ہٹاتے ہوئے بسمہ معروف کو نئی کپتان مقرر کیا ہے۔ عائشہ اشعر کی جگہ نئی منیجر کا تقرر بھی کیا جا رہا ہے جبکہ محمد الیاس کی سربراہی میں قائم سلیکشن کمیٹی بھی ختم کردی گئی ہے جس کے مزید ارکان عروج ممتاز اور ندیم عباسی تھے۔بسمہ معروف پہلے ہی ٹی ٹوئنٹی ویمنزٹیم کی کپتان ہیں۔یہ تبدیلیاں ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم کی مایوس کن کارکردگی کے بعد ناگزیر تھیں۔خاص کر ہیڈ کوچ کی رپورٹ کے بعد اس بات کے امکانات روشن ہو گئے تھے کہ ثنا میر کے لئے کپتان کے طور پر برقرار رہنا ممکن نہیں رہے گا۔انگلینڈ میں منعقدہ حالیہ خواتین ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم ایک بھی میچ جیتنے میں کامیاب نہیں ہوسکی تھی جس کے بعد ہیڈ کوچ صبیح اظہر نے اپنی رپورٹ میں کہا تھا کہ ثنا میر اور چند سینیئر کھلاڑی مبینہ طور پر اپنی من مانیاں کرتی رہی تھیں اور انہیں منیجر عائشہ اشعر کی حمایت حاصل تھی۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے گزشتہ دنوں نیوزی لینڈ کے مارک کولز کو عبوری طور پر خواتین ٹیم کا کوچ مقرر کیا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے عائشہ اشعر کو عبوری طور پر ویمنز ونگ کی سربراہ مقرر کیا ہے وہ جنرل منیجر ویمنز کرکٹ کی تقرری تک اس عہدے پر کام کریں گی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ ثنا میر عام کھلاڑی کی حیثیت سے دستیاب ہونگی تاہم ثنا میر نے قومی کیمپ میں شامل ہونے سے انکار کر دیا ہے۔ثنا میر 8 سال تک پاکستانی ٹیم کی کپتان رہیں۔ ان کی کپتانی میں پاکستان نے 72 ون ڈے انٹرنیشنل کھیلے جن میں 26 جیتے45 ہارے اور ایک میچ نامکمل رہا۔وہ 65 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں کپتان رہیں جن میں سے 26 میچ جیتے اور 36 ہارے جبکہ دو میچ ٹائی ہوئے جبکہ ایک کا نتیجہ برآمد نہ ہو سکا۔

شیئر: