Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سپریم کورٹ نے دہلی اور این سی آر میں آتشبازی پر پابندی لگادی

    نئی دہلی۔۔۔۔۔۔ سپریم کورٹ نے قومی دارالحکومت دہلی اور این سی آر (نیشنل کیپٹل ریجن) میں  آتشبازی  پر پابندی  عائد کردی ہے۔  ہندو تہوار دیوالی کے موقع پر  آتشبازی چھوڑنے کے باعث  فضائی آلودگی میں اضافے کے پیش نظر  سپریم کورٹ نے  یکم نومبر تک یہ  پابندی عائد کی ہے جس کے تحت  نئی دہلی اور این سی آر میں  پٹاخوں کی خریدوفروخت نہیں کی جاسکتی۔  سپریم کورٹ میں  دائر پٹیشن  میں  عدالت سے گزارش کی گئی تھی کہ  اس نے  12 ستمبر کو جو  آتشبازی پر لگی  پابندی مشروط طور سے ہٹانے کا   حکم صادر کیا تھا  اسے واپس لیا جائے ۔ سپریم کورٹ نے اپنے  اس اہم فیصلے میں کہا ہے کہ  دیوالی کے بعد  اس بات کی بھی جانچ کی جائے گی کہ آتشبازی  چھوڑنے پر  پابندی کے  بعد فضائی ماحولیات کی   پوزیشن میں کچھ بہتری  آئی ہے یا نہیں ۔ عدالت عظمیٰ نے کہا کہ یکم نومبر کے  بعد  آتشبازی کی  خریدوفروخت دوبار ہ شروع کی جاسکتی ہے۔ سردست عدالت نے  آتشبازی کے تاجروں کو دیئے گئے نئے اور پرانے   دونوں ہی لائسنس  منسوخ کردیئے ہیں۔  سپریم کورٹ نے  دہلی اور این سی آر  میں  آتشبازی کی  فروخت پر لگی روک  کچھ  شرائط کے ساتھ ہٹائی تھی۔  عدالت نے کہا  تھا کہ دہلی میں  آتشبازی کی  فروخت کیلئے پولیس کی نگرانی میں لائسنس دیئے جائیں۔  زیادہ سے  زیادہ 500  غیر مستقل لائسنس ہی دیئے جاسکیں گے۔  اب  عدالت نے پوری طرح سے آتشبازی کی  فروخت پر   پابندی  لگا دی ہے۔   واضح رہے کہ  رواں مہینے  میں  فضائی آلودگی پر نظر رکھنے وا لی  مرکزی حکومت کی ایجنسی  نے کہا ہے کہ  قومی دارالحکومت میں ہوا کی کوالٹی  خراب ہوچکی ہے اور اگلے کچھ دنوں میں حالات مزید خراب ہوجائیں گے۔  جس کا مطلب ہے کہ لوگ ایسی ہوا میں  طویل عرصہ تک رہیں گے  تو انہیں سانس لینے میں تکلیف ہوسکتی ہے۔

شیئر: