Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نسل در نسل روایتی فن: سادہ دستی اوزاروں سے لکڑی کے دیدہ زیب فن پاروں کی تخلیق

سعودی عرب میں لکڑی پر نقاشی ایک روایتی دستکاری ہے جس میں وقت کے ساتھ ساتھ ترقی ہوتی رہی ہے۔
دستکاری کا یہ فن قدیم زمانے سے چلا آ رہا ہے، اسی طرح عصرِ حاضر میں اس کے قدردانوں میں کوئی کمی نہیں ہوئی۔
اس میں لکڑی کو نقاشی اور کندہ کاری کے ذریعے ایسے فن پارے میں تبدیل کیا جاتا ہے جو جمالیاتی اور عملی قدر کو یکجا کرتے ہیں۔
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق یہ ہنر مختلف شعبوں میں استعمال ہوتا ہے، فرنیچر، عمارتوں کی سجاوٹ سے لے کر آرٹسٹک اور آرائشی فن پارے سادہ دستی اوزاروں کی مدد سے تیار کیے جاتے ہیں۔

اس ہنر میں ماہر کچھ افراد بے کار لکڑی یا درختوں کے تنوں کی مدد سے جمالیاتی شاہکار تخلیق کرتے ہیں۔
لکڑی پر نقاشی کے فن میں ماہر قصیم ریجن کی سعودی خاتون ام خالد کا کہنا تھا کہ ’یہ روایتی فن ہے جو نسل در نسل منتقل ہو رہا ہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’نقش و نگار بنانے کے لیے املی کے درخت اور کھجور کے سوکھے تنے استعمال کیے جاتے ہیں۔‘
ام خالد نے بتایا کہ ’اس فن سے وہ بچپن سے ہی جڑی ہوئی ہیں۔ لکڑی پر نقش بنانے کا شوق تھا، ابتدا میں معمولی سے نقش بنایا کرتی مگر وقت کے ساتھ ساتھ ہاتھوں کی گرفت مضبوط اور سوچ کا دائرہ بھی وسیع ہوتا گیا جس سے نت نئے خیالات آتے اور نقش از خود ذہن میں ابھر جاتے۔‘

 

شیئر: