Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گجرات میونسپل اور مہاراشٹر پنچایتی انتخابات میں بی جے پی کی کامیابی

    ممبئی/ احمد آباد۔۔۔۔۔اپوزیشن میں شامل جماعتیں کچھ بھی دعویٰ کریں لیکن بی جے پی کی عوامی مقبولیت  میں کوئی  کمی نظر نہیں آرہی ۔  بی جے پی نے گجرات  میں  میونسپل کارپوریشن کے انتخابات  ہی نہیں جیتے  بلکہ  مہاراشٹر کے  گاؤں پنچایت  الیکشن میں بھی  50 فیصد سے زائد  دیہات پر  قبضہ کرکے  اپنی مقبولیت کا سکہ جما لیا ہے۔  اس طرح گجرات  میں بی جے پی کی اچھی کارکردگی کے پیش نظر دعویٰ کیا جانے لگا ہے کہ پارٹی کو  اسمبلی انتخابات میں بھی  کامیابی ملے گی۔ ریاست کے  7 میونسپل کارپوریشن  کے انتخابات میں  بی جے پی نے   5 کارپوریشن پر اپنا قبضہ کرلیاہے جبکہ کانگریس  کی سیٹیں کم ہوکر  آدھی رہ گئی ہیں۔  مہاراشٹر میں  پہلے مرحلے  کے  گاؤں پنچایت انتخابات میں  جس کیلئے 7 اکتوبر کو  3884 گاؤں میں ووٹ ڈالے گئے تھے بی جے پی  کو شاندار کامیابی ملی ہے۔ اس نے  منگل کو  تقریباً 3 ہزار نتائج  کے اعلان  کے مطابق  ان میں سے 1457  گاؤں پنچایت  پر قبضہ کرلیا ہے۔  اس طرح  مہاراشٹر  کی  بی جے پی حکومت کی مقبولیت  سے یہ  بات واضح ہوگئی ہے کہ مستقبل میں  اپوزیشن  بی جے پی کو  کسی بھی طرح کا چیلنج نہیں دے سکتی ۔  مہاراشٹر  پنچایت الیکشن میں ملی اس بڑی کامیابی پر  وزیراعظم نریندر مودی نے ریاست کے وزیراعلیٰ  دیوندر فڑنویس اور ریاست کے عوام کو  جہاں ایک طرف  مبارکباد  پیش کی ہے وہاں عوام کا شکریہ بھی ادا کیا ہے۔ گاؤں پنچایت انتخابات میں  بی جے پی کا مقابلہ کرنے والی فریق جماعتیں کافی پیچھے ہیں۔  ان میں  کانگریس بھی شامل ہے جس نے  صرف 301 گاؤں پنچایت میں کامیابی حاصل کی ہے۔ مہاراشٹر  میں  شیوسینا  کو بھی  زیادہ کامیابی نہیں ملی ۔ اس پارٹی نے  222 سیٹوں پر  اپنی جیت  درج کی ہے جبکہ  شردپوار کی این سی پی نے 194 گاؤں پنچایتوں  پر قبضہ کرلیا ہے۔  ریاست کے دوسرے مرحلے میں  3692  گاؤں پنچایتوں کے انتخابات کیلئے 14 اکتوبر کو  ووٹ ڈالے جائیں گے جن کے نتائج کا اعلان 16 اکتوبر کو  ہوگا۔

شیئر: