مسجد الحرام میں زائرین کی رہنمائی کے لیے سمارٹ گائیڈنس انیشیٹیو کا آغاز
جمعرات 12 مارچ 2026 23:15
انٹرایکٹیو سائن میں مسجد الحرام کا مکمل نقشہ دیا گیا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
ادارہ امورحرمین شریفین نے مسجد الحرام میں سمارٹ گائیڈنس انیشیٹیو کا آغاز کیا ہے اور زائرین کی رہنمائی کے لیے مختلف مقامات پر 15 انٹرایکٹیو سائن نصب کیے گئے ہیں۔
سعودی خبررساں ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق انٹرایکٹیو سائن میں مسجد الحرام کا مکمل نقشہ دیا گیا ہے۔ داخلی اور خارجی راستوں اور بیت اللہ کا طواف کرنے کے لیے جانے والی راہداریوں کے علاوہ مسعی کے راستوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔
انٹرایکٹیو سائن میں ’آپ یہاں‘ کی علامت بھی دی گئی ہے تاکہ زائرین کو مسجد الحرام کے دیگر راستوں کو معلوم کرنے میں سہولت ہو اور انہیں اپنے مقام کا تعین کرنے کے بعد مطلوبہ راستہ یا مقام کا انتخاب کرنے میں آسانی ہو سکے۔
سمارٹ بورڈز کے ذریعے نقشوں پر مختلف رنگوں سے ٹریکس کو اجاگر کیا گیا ہے جبکہ کیو آر کوڈ کے ذریعے زائرین اپنے سمارٹ فون پر بھی مسجد الحرام کا تفصیلی نقشہ اپ لوڈ کر سکتے ہیں۔

واضح رہے رمضان المبارک میں لاکھوں افراد عمرہ اور زیارت کے لیے مملکت آتے ہیں۔
مسجد الحرام میں مختلف مقامات پر پہنچنے کے لیے راستوں کا تعین کرنا مشکل ہو جاتا ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے زائرین کی سہولت کے لیے مسجد الحرام کا ڈیجیٹل میپ مختلف مقامات پر آویزاں کیا گیا ہے۔
