سعودی ولی عہد سے جدہ میں وزیراعظم شہباز شریف کی ملاقات، خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال
جمعرات 12 مارچ 2026 23:43
آرمی چیف اور چیف آف ڈیفینس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر موجود تھے۔( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان سے جمعرات کو جدہ میں پاکستان کے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملاقات کی ہے۔
اس موقع پر پاکستان کے چیف آف آرمی سٹاف اور چیف آف ڈیفینس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر بھی موجود تھے۔
ایس پی اے کے مطابق ملاقات میں سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان دوطرفہ تعلقات، انہیں مختلف شعبوں میں مضبوط بنانے اور ترقی دینے کے طریقوں کا جائزہ لیا گیا۔
دونوں رہنماوں نے علاقائی صورتحال خاص طور پر جاری فوجی کشیدگی کے خطے اور بین الاقوامی سکیورٹی و استحکام پر اثرات اور اس حوالے سے مربوط کوششوں پر تبادلہ خیال کیا۔
اس موقع پر وزیر مملکت، کابینہ کے رکن اور قومی سلامتی کے مشیر مساعد بن محمد العبییان اور جنرل انٹیلی جنس ڈائریکٹوریٹ کے سربراہ خالد بن علی الحمیدان بھی موجود تھے۔
ملاقات میں پاکستان کے نائب وزیر اعظم و وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے بھی شرکت کی۔

وزیراعظم ہاوس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے ملاقات میں ان آزمائشی حالات میں مملکت سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی اور بھرپور حمایت کا اعادہ کیا۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان خطے میں حالیہ پیش رفت پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ خطے میں امن اور استحکام کے فروغ کے لیے مشترکہ طور پر کام جاری رکھا جائے گا۔
شہباز شریف نے سعودی ولی عہد کو یقین دلایا کہ ’پاکستان ہمیشہ سعودی عرب کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا رہے گا اور خطے میں امن کے مشترکہ مقصد کے حصول کے لیے ہر ممکن کوشش جاری رکھے گا۔‘

یاد رہے وزیراعظم شہباز شریف سعودی ولی عہد کی دعوت پر ایک روزہ سرکاری دورے پرجدہ پہنچے تھے۔
قبل ازیں پاکستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان طاہر حسین اندرابی نے کہا تھا کہ وزیراعظم سعودی عرب کے دورے پر جا رہے ہیں اس دوران خلیجی ممالک سے بھی قریبی رابطے برقرار رہیں گے۔
وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں بتایا گیا تھا کہ وزیراعظم سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر سعودی عرب کا ایک روزہ دورہ کر رہے ہیں۔

گذشتہ روز بدھ کو مشرقِ وسطیٰ میں ایران کی جانب سے خلیجی ریاستوں پر حملوں کے بعد بڑھتی کشیدگی کے تناظر میں وزیراعظم شہباز شریف کے ترجمان مشرف زیدی نے کہا تھا کہ پاکستان ’ہر صورت اور ہر حال میں‘ سعودی عرب کی حمایت کے لیے تیار ہے۔
انہوں نے امریکی خبر رساں ادارے بلومبرگ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد ضرورت پڑنے پر ریاض کی مدد کے لیے آئے گا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ سکیورٹی شراکت داری پر زور دیا، جسے گذشتہ برس ستمبر میں دستخط ہونے والے باہمی دفاعی معاہدے نے مزید مضبوط بنایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی مدد کے لیے آنے کے حوالے سے ’کوئی سوال ہی پیدا نہیں ہوتا کہ شاید آئیں، ہم ضرور آئیں گے، چاہے جو بھی ہو اور جب بھی ضرورت پڑے۔‘
