Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

موٹاپا حسن کا ہی نہیں صحت کا بھی دشمن

موٹاپا حسن کا ہی نہیں صحت کا بھی دشمن ہے۔ اس کی بڑی وجہ خراب طرزِ زندگی ہے۔ تن آسانی اور وقت نہ ہونے کے باعث بازاری غذائیں کھانے کا رجحان بڑھ گیا ہے، جس کا نتیجہ ہائی بلڈ پریشر ، ذیابیطس ، جوڑوں کا درد ، امراض قلب اور کولیسٹرول میں اضافے کی صورت میں نکلتا ہے۔ وہ لوگ جو آرام طلب ہوتے ہیں باقاعدہ ورزش نہیں کرتے اور روغنی غذائیں زیادہ کھاتے ہیں، وہ موٹاپے کا زیادہ شکار ہوتے ہیں۔ 
 
آج کل خواتین ، خصوصاََ لڑکیوں میں مٹاپے سے بچنے کے لئے ڈائٹنگ کرنے کا رجحان بہت زیادہ ہے، جس سے دوسرے امراض جنم لیتے ہیں۔ ڈائٹنگ کرنے والے کا چہرہ بے رونق ہوجاتا ہے، خون کی کمی ہوجاتی ہے، رنگت زرد پڑجاتی ہے۔ کم کھانا یا ڈائٹنگ کرنا مٹاپا ختم کرنے کے صحیح طریقہ نہیں۔ آپ روزانہ بھرپور غذا کھائیں۔ وہ غذائیں بھی ضرورت کے مطابق کھائیں، جن میں چربی بنانے کی صلاحیت ہوتی ہے۔ وہ غذائیں زیادہ کھائیں جن میں چربی کم ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ ایسی غذائیں ضرور کھائیں، جو چربی تحلیل کرنے کے عمل کو تیز کرتی ہیں۔ ذیل میں ایسی چند غذاؤں کا ذکر کیا جا رہا ہے۔
 
ناشتہ دہی سے کریں۔ تحقیق کے مطابق ناشتے میں بغیر چینی کا دہی کھانے سے جسمانی وزن میں کمی ہونے لگتی ہے۔
چکوترا (گریپ فروٹ) وٹامن سی سے بھرپور پھل ہے۔ یہ جسم میں چربی کو جمع ہونے سے روکتا ہے اور انسولین کی سطح کو کم رکھتا ہے۔ چکوترا چربی کے خلاف مزاحمت کرنے والی منفرد کیمیائی خصوصیات کے باعث موٹاپا کرنے میں مدد دیتا ہے۔ 
گوبھی نشاستے (کاربوہائڈریٹ)سے پاک سبزی ہے۔ یہ جسمانی وزن کم کرنے میں بھی مفید ہے۔ اسے کسی بھی صورت کھایا جاسکتا ہے، تاہم اعتدال سے کھانے میں فائدہ ہے۔
 
جدید تحقیق کے مطابق 30 گرام اخروٹ روزانہ کھانے سے کولیسٹرول کم ہوجاتا ہے۔ یہ کولیسٹرول کی سطح کو متوازن رکھتا ہے۔ اخروٹ چربی کو قابو میں کرکے موٹاپا کم کرتا ہے۔
 جو کا دلیا کولیسٹرول کو بڑھنے سے روکتا ہے۔ اس میں موجود ریشہ نہ صرف چربی تحلیل کرنے میں مدد دیتا ہے بلکہ ہضم وجذب کی کارکردگی کو بھی بہتر بناتا ہے۔ جو کا دلیا ناشتے میں باقاعدہ کھانے سے کولیسٹرول کی سطح اعتدال پر آجاتی اور مٹاپے سے نجات مل جاتی ہے۔
 دالیں بھی مٹاپا کم کرنے میں مفید ہیں۔ ایک پلیٹ دال کھانے سے18 گرام پروٹین ملتی ہیں، جس سے جسم میں توانائی بڑھتی ہے۔ دال کولیسٹرول اور ہائی بلڈ پریشر کو کم کرتی ہے ، اس لیے مٹاپے سے محفوظ رہنے کے لئے ڈائٹنگ کرنے کے بجائے دالیں کھائیں۔
 
زیتون کا تیل کھانے سے وزن کم ہوتا ہے ، اس لیے کہ یہ چربی جمع نہیں ہونے دیتا۔ تحقیق کے مطابق یہ مٹاپا کم کرنے میں بہت مفید ہے۔ 
ماہرین صحت کے مطابق سبز چائے وزن نہیں بڑھاتی۔ یہ چربی تحلیل کرنے اور غذا میں شامل گلوکوس سے توانائی خارج کرنے میں مفید ہے۔ نیز یہ ہضم و جذب کی کارکردگی کو بہتر کرتی ہے۔
 
 کھانے سے قبل پانی پینے سے وزن کم ہونے لگتا ہے۔ روزانہ کھانے سے کچھ دیر قبل پانی پینے سے ہضم وجذب کی شرح بڑھ جاتی ہے، جو حراروں کو جلانے میں مدد دیتی ہے۔ آپ کھانے سے قبل پانی پینے کی عادت سے مٹاپا کم کرسکتے ہیں۔
 

شیئر: