سعودی وزیر داخلہ کا امارات سمیت خلیجی ہم منصبوں کے ساتھ ایرانی جارحیت پر تبادلہ خیال
تعاون اور مشترکہ کوٓآرڈینیشن کو بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا ( فوٹو: ایس پی اے/ وام)
سعودی وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نایف نے منگل کو امارات کے ہم منصب سے جی سی سی ممالک اور خطے میں ایرانی جارحیت پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق سعودی وزیر داخلہ نے اماراتی ہم منصب شیخ سیف بن زاید آل نہیان کے ساتھ ٹیلی فونک رابطے میں امارات کی سلامتی اور استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے اٹھائے جانے والے تمام اقدامات کی مملکت کی یکجہتی اور سپورٹ کا اعادہ کیا۔
دونوں وزرائے داخلہ نے دونوں ملکوں کے تعلقات کی مضبوطی، خطے میں سلامتی اور استحکام ، شہریوں اور رہائشیوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تعاون اور مشترکہ کوٓآرڈینیشن کو بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
قبل ازیں سعودی وزیر داخلہ نے قطر کے ہم منصب اور داخلی سکیورٹی فورسز کے کمانڈر شیخ خلیفہ بن حمد بن خلیفہ آل ثانی، بحرین کے ہم منصب لیفٹیننٹ جنرل شیخ راشد بن عبداللہ آل خلیفہ اور کویت کے اول نائب وزیراعظم و وزیر داخلہ شیخ فہد بن سعود الصباح سے رابطہ کیا۔
رابطے میں جی سی سی ممالک اور خطے پر ایران کے صریح حملوں کے حوالے سے خطے کی صورتحال اور اس کے سلامتی پر پڑنے والے اثرات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزرائے داخلہ نے سلامتی اور استحکام کو برقرار رکھنے کے حوالے سے دونوں ملکوں کے درمیان تعاون اور ہم آہنگی کی اہمیت پر زور دیا۔
