ابوظبی میں میزائل کا ملبہ گرنے سے پاکستانی شہری جان سے گیا، کویت میں دو زخمی
امارات نے منگل کو 10 بیلسٹک میزائل اور 45 ڈرونز کو تباہ کیا ہے۔( فوٹو: اے ایف پی)
خلیجی ملکوں پر ایران کے حملے جاری ہیں، منگل کو ابوظبی کے علاقے بنی یاس میں بیلسٹک میزائل کا ملبہ گرنے سے ایک پاکستانی شہری جان سے گیا۔
وام کے مطابق ابو ظبی میں حکام نے تصدیق کی کہ یہ واقعہ فضائی دفاعی نظام کی جانب سے ایک بیلسٹک میزائل حملے کو ناکام بنانے کے دوران پیش آیا۔
امارات کے فضائی دفاعی نظام نے منگل کو ایران کی جانب سے داغے گئے 10 بیلسٹک میزائل اور 45 ڈرونز کو تباہ کیا ہے۔
وزارتِ دفاع کے مطابق ایرانی جارحیت کے آغاز سے اب تک اماراتی فضائی دفاع نے مجموعی طور پر 314 بیلسٹک میزائل، 15 کروز میزائل اور ایک ہزار 672 ڈرونز کو روک کر کامیابی سے نشانہ بنایا گیا۔
حملوں کے دوران قومی فرائض کی انجام دہی میں مسلح افواج کے 2 اہلکار جان سے گئے، جبکہ مختلف قومیتوں سے تعلق رکھنے والے 6 افراد ہلاک ہوئے جن میں پاکستانی، نیپالی، بنگلہ دیشی اور فلسطینی شہری شامل ہیں۔ اس کے علاوہ 157 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
اس سے قبل امارات کے میڈیا آفس نے بتایا تھا کہ ایک ڈرون حملے کے بعد فجیرہ آئل انڈسٹری زون میں آگ لگ گئی۔
بیان کے مطابق محکمہ سول ڈیفنس کا عملہ آگ پر قابو پانے کی کوشش کر رہا ہے۔
علاوہ ازیں کویت کی وزارت صحت نے کہا ہے کہ ’منگل کو کویت میں ہنگامی طبی مرکز پر ڈرون کا ملبہ گرنے سے طبی عملے کے دو افراد زخمی ہوگئے۔‘
