بغداد میں امریکی سفارتخانے پر راکٹ اور ڈرون سے ایک اور حملہ
فوری طور پر ہلاکتوں یا کسی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔(فوٹو: اے ایف پی)
عراقی دارالحکومت بغداد میں منگل کو امریکی سفارت خانے اور ایک امریکی تنصیب کو پھر ڈرون اور راکٹ سے نشانہ بنایا گیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق سکیورٹی ذرائع نے بتایا ’بغداد میں امریکی سفارتخانے کو ایک بمبار ڈرون اور راکٹ سے نشانہ بنایا گیا، جس کے بعد سائرن بجائے گئے، کمپاونڈ کے قریب دھماکے کی آواز سنی گئی۔‘
ذرائع کا کہنا ہے’ بغداد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب ایک امریکی سفارتی تنصیب پر بھی کم از کم تین ڈرونز سے حملے کی کوشش کی گئی، فضائی دفاعی نظام کو فعال کردیا گیا۔‘
فوری طور پر ہلاکتوں یا کسی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
ایران کے سپریم لیڈر علی خامنہ ای کی ہلاکت کے بعد جاری جوابی کارروائیوں کا سلسلہ وسیع ہو رہا ہے۔
اس سے قبل عراق کی ایک شیعہ ملیشیا نے دعویٰ کیا تھا کہ اس نے عراق کے دارالحکومت بغداد کے ایئرپورٹ پر تعینات امریکی فوجیوں کو نشانہ بناتے ہوئے ڈرون حملہ کیا ہے۔
سرایا اولیاء الدم نامی گروہ اُن شیعہ ملیشیاؤں میں شامل ہے جو 2003 میں امریکہ کی قیادت میں عراق پر حملے اور صدام حسین کی حکومت کے خاتمے کے بعد عراق میں سرگرم ہوئی ہیں۔
