Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایشیا ہاکی کپ: پاکستان بمقابلہ جاپان میچ 2-2 گول سے برابر

 
ڈھاکا:بنگلہ دیش میں جاری10ویں ایشیا کپ ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستان اور جاپان کا میچ 2-2گول سے برابر رہا اور کوشش کے باوجود کوئی ٹیم میچ کو فیصلہ کن نہ بنا سکی ۔ اس میچ کے لئے پاکستان کو فیورٹ قرار دیا جا رہا تھا لیکن جاپانی ٹیم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستانی ٹیم کو آگے نہیں بڑھنے دیا۔ دونوں ٹیمیں ایونٹ میں اپنا دوسرا میچ کھیل رہی تھیں، میچ شروع ہوا تو پہلے کوارٹر میں دونوں ٹیموں نے دفاعی انداز اپنایا اور ایک دوسرے پرحملے بھی کم کئے جس کی وجہ سے پہلے کوارٹر میں کوئی گول نہ ہوسکا۔دوسرا کوارٹر شروع ہوا تو پاکستان نے جارحانہ انداز اپنایا اور آغاز میں ہی ملنے والے پنالٹی کارنر کو ارسلان قادر نے گول میں تبدیل کردیا، جس کا جواب جاپان نے بھر پور انداز میں دیا لگاتار2گول کرکے نہ صرف برتری کا خاتمہ کیا بلکہ ایک گول کی سبقت بھی حاصل کرلی۔ یہ تینوں گول دوسرے کوارٹر میں ہوئے۔ تیسرے کوارٹر میں بھی دونوں ٹیمیں گول کرنے میں ناکام رہیں۔ جاپان نے اس کوارٹر میں حملے کئے جو پاکستانی گول کیپرنے ناکام بنادیے لیکن پاکستان ٹیم برتری ختم نہ کرسکی ۔کھیل کے 50ویں منٹ میں عمر بھٹہ نے گیند جال میں پھینک کر جاپان کی برتری کا خاتمہ کرکے مقابلہ 2،2گول سے برابر کردیا۔ اسی اسکور پر میچ کا مقررہ وقت ختم ہوگیا اور دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ ملا۔ پاکستان کے ارسلان قادر کو ان کے عمدہ کھیل پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ارسلان قادر نے بنگلہ دیش کے خلاف ابتدائی میچ میں بھی 2گول کئے تھے۔ پاکستان گروپ اے میں4 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے۔ پاکستان اپنا تیسرا میچ 15اکتوبر کو روایتی حریف ہند کے خلاف کھیلے گا۔ہندوستان کی ہاکی ٹیم ابتدائی میچ میں جاپان کو 1-5گول کے مقابلے میں واضح شکست دے چکی ہے۔

شیئر: