چترال میں برفانی تودہ گرنے سے ایک ہی گھر کے 9 افراد ہلاک، ایک بچہ ریسکیو کر لیا گیا
جمعہ 23 جنوری 2026 17:53
فیاض احمد، اردو نیوز۔ پشاور
ریسکیو 1122 چترال کے مطابق مرنے ہونے والوں میں 3 خواتین اور 5 بچے شامل ہیں (فوٹو: ریسکیو 1122)
خیبر پختونخوا کے ضلع چترال کے سرحدی علاقے میں برفانی تودہ گرنے سے لوئر چترال کے دورافتادہ علاقے ارندو کے گاؤں دامیل میں ایک ہی گھر کے 10 افراد دب گئے جن میں سے 9 افراد کی لاشیں نکالی گئیں، جبکہ ایک بچہ زخمی حالت میں ریسکیو کیا گیا۔
جمعے کو ریسکیو 1122 چترال کے مطابق مرنے ہونے والوں میں 3 خواتین اور 5 بچے شامل ہیں جبکہ گھر کا سربراہ بھی واقعے بھی زندہ نہ بچ سکا۔ ریسکیو کے مطابق ملبے سے تمام افراد کو نکال کر سرچ آپریشن ختم کردیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر لوئر چترال راؤ ہاشم نے واقعے میں 9 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ افسوسناک حادثے میں ایک بچہ زندہ نکالا گیا ہے جس کے گھر کے تمام افراد اس واقعہ میں جان سے گئے۔
ڈی سی لوئر چترال کے مطابق زخمی بچے کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے دروش کے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ ان کا مزید کہنا ہے کہ شدید برف باری کے باوجود ریسکیو آپریشن کی کارروائیاں جاری ہیں۔ ریسکیو سرگرمیوں میں ریسکیو 1122، چترال لیویز، پولیس، چترال سکاوٹس سمیت پاک فوج کے جوانوں نے حصہ لیا۔
ریسکیو اہلکاروں کے مطابق برفانی تودے سے متاثرہ علاقے کے ایک اور گھر کو جزوی نقصان پہنچا ہے، تاہم اس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق گزشتہ روز سے جاری برفباری کی وجہ سے لوئر چترال اور اپر چترال کے بیشتر علاقوں سے زمینی رابطہ منقطع ہوا، تاہم انتظامیہ کی جانب سے لواری ٹنل روڈ سمیت مرکزی شاہراہ ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے۔
